حمزہ قتل کیس ملزم کی عمر کے تعین کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل

ملزم شعیب کو منگل کو میڈیکل بورڈ کے ماہرین کے سامنے پیش کیاجائے گا۔

میڈیکل بورڈ محکمہ صحت نے عدالت کے حکم پر تشکیل دیا ہے جس کے سربراہ پروفیسر فرحت مرزا ہیں۔ فوٹو: فائل

CAIRO:
صوبائی محکمہ صحت نے عدالت کے حکم پر حمزہ قتل کیس میں ملوث ملزم شعیب نویدکی عمرکے تعین کیلیے7رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیدیا ہے۔

جمعرات کو عدالت کی جانب سے جاری احکامات کے بعدپولیس حکام نے میڈیکل بورڈکرانے کیلیے صوبائی محکمہ صحت کے ماتحت چلنے والے سروسز اسپتال کے سربراہ کے نام درخواست میں کہا کہ حمزہ قتل کیس میں ملوث ملزم شعیب کی عمرکے تعین کیلیے میڈیکل بورڈ دیاجائے جس پر سروسز اسپتال کے سربراہ اور سول سرجن ڈاکٹر توفیق چوہدری نے جمعہ کو7رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیدیا ہے۔

میڈیکل بورڈ ڈاؤیونیورسٹی فارنسک میڈیسن کے سربراہ پروفیسر فرحت مرزاکی سربراہی میں تشکیل دیاگیا ہےجس میں سول اسپتال کے پروفیسر قمراسلام، پروفیسر عتیق خان، ڈاکٹر حامدپڈھیار ، پروفیسرمرزااحمد شاکر ،ڈاکٹر مظفرحسین صدیقی اور سیکریٹری بورڈ ڈاکٹر توفیق شامل ہوں گے، معلوم ہوا ہے کہ منگل کوملزم شعیب نویدکومیڈیکل بورڈ کے ماہرین کے سامنے پیش کیاجائیگا جس میں ملزم کی عمرکے تعین کیلیے کلائیوں، شولڈرز سمیت جسم کی دیگر ہڈیوں کے جوڑوں کے ایکسرے اور دانتوں کے ایکسرے بھی لیے جائیں گے جس کے بعد ماہرین ملزم کی عمرکے تعین کیلیے اپنی رپورٹ تیار کریں گے۔


دریں اثنا ماہرین طب کے مطابق عمرکے تعین کے لیے کلائی، کہنی، کولہے کی ہڈیوں کے جوڑوں کے ایکسرے کیے جاتے ہیں جبکہ دانتوں کے ایکسرے سے بھی بالغ ہونے یا نہ ہونے کی تصدیق کی جاتی ہے، فارنسک ماہرین کے مطابق عمر کے درست تعین کیلیے جسم کے مختلف ہڈیوں کے جوڑوں سے نشوونما دیکھی جاتی ہے، طبی نکتہ نگاہ کے مطابق جب ہڈیوں کی گروتھ ہوتی ہے تو Central of Ossification(ہڈیوں کا گروتھ سینٹر)بنتا ہے ، یہ ہر ہڈی کے سرے میں ہوتا ہے اوروہ ایک مرکزی ہڈی کہلاتی ہے۔



جس کو Atithysisکہتے ہیں، جب ہڈی مکمل بن چکی ہوتی ہے تو اس کوMetathysisکہتے ہیں ان ہڈیوں کے درمیان ایک لائن ہوتی ہے جس کوطبی زبان میں سوچر (Suture) کہا جاتا ہے، بڑھتی ہوئی عمرکی ایک حد کے بعد Sutureقدرتی طورپر بندہوجاتا ہے، طبی معائنے اور عمرکے تعین کے لیے کیے جانے والے ایکسروں میں ان ہڈیوں کے آگے ہڈیوں کی مزید گروتھ دیکھی جاتی ہے، ایکسرے رپورٹ سے Suture(سوچر) سے مل جانے یا بند ہوجانے سے عمر کا درست تعین کیاجاسکتا ہے، ماہرین کے مطابق مختلف عمروں میں سوچر بند ہوجاتے ہیں۔

جس کے بعدہڈیوں کی نشوونما رک جاتی ہے اس طریقہ کار سے ماہرین عمرکا درست تعین کرتے ہیں، ڈینٹل سرجن دانتوں کی بتیسی کے ایکسرے کی مدد سے عمر کا تعین کیلیے اپنی رپورٹ علیحدہ سے دیتا ہے،عقل داڑھ کی نکلنے کی گروتھ سے ڈینٹل سرجن اپنی علیحدہ سے رپورٹ دیتا ہے جبکہ ریڈیالوجسٹ ایکسروں کی مد سے اپنی رپورٹ مرتب کرتے ہیں۔
Load Next Story