مومن آباد میں 3 خواتین سمیت 5 افراد کا قتل

شازیہ ، زبیدہ ،نسرین، زینت اور زبیر کو ملزمان نے گھر میں بنے سلائی کڑھائی مرکز میں گولیاں مارکر ہلاک کردیا

خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا ہے، پولیس کا شبہ، لیڈی ایم ایل او کی تاخیر سے آمد پر ورثا مشتعل، تمام بہن بھائی نوکریاں اور والد ٹیکسی چلاتے ہیں، شبانہ فوٹو: فائل

اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے3 خواتین اور8 سالہ بچی سمیت5 افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔

پولیس نے واقعے کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا ہے تاہم شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا ہے،تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے مومن آباد فرید کالونی میں نامعلوم مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر 40 سالہ نسرین زوجہ امین، 28 سالہ شازیہ زوجہ زاہد،8 سالہ زبیدہ،26 سالہ زینت اور28 سالہ زبیر ولد صفدر کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

مقتولین کی لاشیں پہلے عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئیں تاہم حسب روایت لیڈی ایم ایل او دستیاب نہ ہونے کے باعث لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا،لیڈی ڈاکٹر کو ٹیلیفون بھی کیا گیا لیکن جب کافی دیر تک وہ نہیں پہنچیں تو ورثا مشتعل ہوگئے اور لاشیں لے کر سول اسپتال پہنچ گئے،ایس پی اورنگی ٹاؤن چوہدری اسد نے ایکسپریس کو بتایا کہ فرید کالونی کی گلی نمبر 6 میں واقع ایک مکان میں یہ واقعہ پیش آیا ہے جس میں نسرین اپنے گھر میں سلائی کڑھائی کا سینٹر چلاتی تھی،ہلاک ہونے والی شازیہ اور زبیدہ ماں بیٹی ہیں جوکہ وقوعے کے وقت اپنے کپڑے سلوانے کے لیے آئی تھیں۔




ہلاک ہونے والی زینت اور زبیر کے بارے میں معلومات حاصل نہیں ہوسکیں،ایس پی کا کہنا تھا کہ پولیس نے ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کردیا ہے اور جلد ہی ملزمان قانون کی گرفت میں ہوں گے، مومن آباد پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ مکان میں غیر اخلاقی سرگرمیاں جاری تھیں اور شبہ ہے کہ خواتین کو غیرت کے نام پر ہی قتل کیا گیا ہو تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واردات میں ملوث 2 ملزمان کا سراغ لگالیا گیا ہے جنھیں جلد ہی گرفتار کرلیا جائے گا،سول اسپتال کے ایم ایل او ڈاکٹر نثار علی شاہ کے مطابق مقتول زبیر کو3 گولیاں گردن، سینے اور بازو پر لگیں جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا اور اسپتال مردہ حالت میں لایا گیا،علاوہ ازیں سول اسپتال میں مقتولہ نسرین کی صاحبزادی شبانہ نے ایکسپریس سے گفتگو میں بتایا کہ وہ 9 بہن بھائی ہیں،تمام بہن بھائی اسکول،فیکٹری یا اسپتال میں ملازمت کرتے ہیں جبکہ ان کے والد ٹیکسی ڈرائیور ہیں۔

اس نے بتایا کہ وقوعہ کے وقت وہ اپنے اسکول میں تھی،اسے اطلاع ملی کہ گھر میں 6 نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کی ہے جس سے اس کی ماں،پڑوسن اور مزید 2 افراد ہلاک ہوگئے ہیں،اس نے ہلاک ہونے والے زبیر کو بھی پہچاننے سے انکار کیا۔
Load Next Story