بلوچستان میں تمام امیدواروں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے صدر زرداری

سازشیں ناکام بنادینگے، الیکشن وقت پر ہونگے، دہشتگردوں کیخلاف کارروائی جاری رہے گی

بلوچستان میں پرامن انتخابات کیلیے جامع اقدامات کیے جائیں ، ذوالفقار مگسی سے فون پر گفتگو. فوٹو: فائل

KARACHI:
صدر آصف علی زرداری نے ہدایت کی ہے کہ بلوچستان میں پرامن انتخابات کے انعقاد کیلیے سیکیورٹی کے جامع اقدامات کیے جائیں اور تمام امیدواروں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

انھوں نے کہا ہے کہ حکومت الیکشن کے پرامن انعقاد کے لیے پرعزم ہے، ملک میں دہشت گردی پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی، الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے اور انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی تمام سازشیں ناکام بنادی جائیں گی۔ وہ اتوار کو گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار مگسی سے ٹیلی فونک گفتگو کررہے تھے۔ ذرائع کے مطابق گورنر بلوچستان نے صدر کو صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال خصوصاً عام انتخابات کے پرامن انعقاد کیلیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا ۔




ذرائع نے بتایا کہ صدر نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران بعض عناصر دہشت گردی کی کارروائیاں کرکے انتخابی عمل متاثر کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ متحد ہو کر کیا جائے گا۔ انھوں نے ہدایت کی کہ بلوچستان میں پرامن انتخابات کے انعقاد کیلیے سیکورٹی کے جامع اقدامات کیے جائیں اور تمام امیدواروں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

Recommended Stories

Load Next Story