پاکستان سے فٹبال میچز بھارت کی بے خبری

ایونٹ کے بارے میں کچھ علم نہیں ہے (بھارتی آفیشلز)انگلینڈ میں ٹکٹیں تک بکنے لگیں، باخبر ذرائع کا دعویٰ.

ابھی تک کوئی معاہدہ نہیں کیا، ایونٹ کے بارے میں کچھ علم نہیں ہے (بھارتی آفیشلز)انگلینڈ میں ٹکٹیں تک بکنے لگیں، باخبر ذرائع کا دعویٰ. فوٹو: فائل

دوستانہ فٹبال میچز کیلیے انگلینڈ میں ٹکٹیں بکنے لگیں جبکہ بھارت بے خبری کا مظاہرہ کررہا ہے، فلہم کی جانب سے پاکستان، بنگلہ دیش اور بھارتی ٹیم کے مقابلوں کا شیڈول بھی جاری ہوگیا۔

آل انڈیا فٹبال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ہم نے ابھی تک کوئی معاہدہ نہیں کیا، ہمیں اس ایونٹ کے بارے میں کوئی خبر نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئندہ ماہ کے آغاز پر فلہم ایف سی کے کاروین کاٹج گراؤنڈ پر پاکستان، بنگلہ دیش اور بھارت کی فٹبال ٹیموں کے درمیان مجوزہ طور پر دوستانہ فٹبال میچز کھیلے جانے ہیں، تاہم بھارتی فیڈریشن اس بارے میں لاعلمی ظاہر کررہی ہے۔

ان میچز کے حوالے سے بنگلہ دیش فٹبال فیڈریشن میں کافی جوش و خروش پایا جاتا جبکہ فلہم کی ویب سائٹ پر شیڈول کا اعلان بھی کیا جاچکا ہے، جس کے تحت بھارت، پاکستان اور بنگلہ دیش کے خلاف میچز کھیلے گا، پہلا میچ یکم جون کو بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان ہوگا، بھارتی ٹیم 4 جون کو پاکستان اور پھر 8 جون کو بنگلہ دیشی ٹیم سے نبردآزما ہوگی، دلچسپ بات تو یہ ہے کہ اس ویب سائٹ کی جانب سے مقابلوں کے لیے باقاعدہ ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع کردی گئی ہے۔




دوسری جانب آل انڈیا فٹبال ایسوسی ایشن کے ایک آفیشل نے کہاکہ ہمیں اس قسم کے کسی بھی ایونٹ کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے، ابھی تک یہ ٹور فائنل ہی نہیں ہوا، اس سلسلے میں ہم نے سیلیبریٹی مینجمنٹ گروپ کولکتہ( سی ایم جی) کے ساتھ کسی کنٹریکٹ پر کوئی دستخط نہیں کیے ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کی جانب سے بھی واضح کیا گیا تھا کہ انھیں اس ٹرائنگولرسیریز میں شرکت کی تصدیق کیلیے کوئی جلدی نہیں ہے۔ دوسری جانب سی ایم جی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر بھاسور گوسوامی کا کہنا ہے کہ میں وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ ہمیں اس مجوزہ ایونٹ کیلیے تینوں ممالک کی فیڈریشنز کی جانب سے شرکت کی تصدیق موصول ہوچکی۔ یاد رہے کہ 2011 میں بھی ایسی ہی صورتحال پیش آئی تھی جب ان ٹیموں کو انگلینڈ میں کھیلنا تھا تاہم اچانک آخری لمحات میں پاکستان اور بھارت ایونٹ سے دستبردار ہوگئے تھے۔
Load Next Story