ایس ایم ای فنانسنگ کیلیے ترمیمی پروڈنشل ریگولیشنز جاری

بینکوں کو ایس ایم ای پورٹ فولیو 30 ستمبر تک نئی تعریف ودرجہ بندی کے مطابق بنانے کی ہدایت

ایس ایم ایز کی مالی ضروریات پوری کرنے کی کوششوں میں تیزی آئے گی، اسٹیٹ بینک فوٹو: فائل

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے لیے ترمیم شدہ پروڈنشل ریگولیشنز منگل کو جاری کردیں تاکہ اس سیکٹر میں رقوم کے بہاؤ کو یقینی بنایا جاسکے۔

اسٹیٹ بینک سے جاری اعلامیے کے مطابق ترمیم شدہ پروڈنشل ریگولیشنز میں چھوٹے کاروباری اداروں پر زیادہ توجہ مرکوز کی گئی ہے اور ان کے لیے مخصوص اور آسان ریگولیشنز مرتب کی گئی ہیں، نئی ریگولیشنز سے موجودہ ریگولیٹری ماحول مزید بہتر ہوگا اور ایس ایم ایز کی فنانسنگ کی ضروریات پوری کرنے کی کوششوں میں تیزی آئے گی، ترمیم شدہ پروڈنشل ریگولیشنز میں ایس ایم ای کے قرض داروں کی جانب سے رقم کی واپسی کے بنیادی ذریعے کو جانچنے کے حوالے سے کیش فلو کے تجزیے اور دیگر طریقوں کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے، اس میں قرضے کی کوالٹی کی نگرانی کے لیے منضبط (ڈسپلن) کریڈٹ کنٹرول کی خاطر ٹیکنالوجی اور دستاویزات کے استعمال پر بھی زور دیا گیا ہے۔




اعلامیے کے مطابق چونکہ درمیانے درجے کے کاروباری ادارے قرضوں تک رسائی کے حوالے سے چھوٹے اداروں کے مقابلے میں نسبتاً کم مسائل کا شکار ہوتے ہیں اس لیے ان سے متعلق ریگولیشنز تبدیل نہیں کی گئیں تاہم درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی تعریف تبدیل کی گئی ہے اور ان کی انفرادی اور مجموعی قرضوں کی حدود بڑھا دی گئی ہیں۔ نظرثانی شدہ پروڈنشل ریگولیشنز کے مطابق عمومی پروڈنشل ریگولیشنز جن کا اطلاق چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں دونوں پر ہوگا۔

ترمیم شدہ پروڈنشل ریگولیشنز کا اطلاق نئی فنانسنگ سہولتوں کے لیے فوری طور پر ہو گا تاہم چونکہ بینک اور ترقیاتی مالیاتی ادارے کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے موجودہ ایس ایم ای پورٹ فولیو کو نئی تعریف اور درجہ بندی کے ترمیم شدہ معیار کے مطابق الگ الگ کریں، اس لیے بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں کو موجودہ پورٹ فولیو کے نفاذ کے لیے زیادہ سے زیادہ 30 ستمبر 2013 کی مدت دی گئی ہے۔
Load Next Story