سیکیورٹی انتظامات ایڈیشنل آئی جی کراچی کے آفس میں الیکشن سیل قائم

ایس پی آصف رزاق فوکل پرسن نامزد ،ساؤتھ، ایسٹ اور ویسٹ زون میں بھی علیحدہ علیحدہ الیکشن سیل بنادیے گئے

ایس پی آصف رزاق فوکل پرسن نامزد ،ساؤتھ، ایسٹ اور ویسٹ زون میں بھی علیحدہ علیحدہ الیکشن سیل بنادیے گئے فوٹو: فائل

لاہور:
الیکشن سیکیورٹی اقدامات کے تحت آئی جی سندھ کے دفتر میں الیکشن سیکیورٹی مانیٹرنگ سیل کے علاوہ ایڈیشنل آئی جی کراچی کے آفس میں بھی الیکشن سیل قائم کرتے ہوئے ایس پی آصف رزاق کو فوکل پرسن نامزد جبکہ سائوتھ، ایسٹ اور ویسٹ زون میں بھی الیکشن سیل علیحدہ سے قائم کر دیے گئے ہیں۔

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق الیکشن میں حصہ لینے والے امیدوار اور شہری الیکشن کے حوالے سے کسی بھی معلومات کے تبادلے یا سیکیورٹی اقدامات پر ممکنہ تحفظات کی صورت میں الیکشن سیل ایڈیشنل آئی جی کراچی کے سینٹرل پولیس آفس کے ٹیلی فون نمبرز 99211399 اور 99213684 ، سائوتھ زون 99204680، ایسٹ زون99239892جبکہ ویسٹ زون کے ٹیلیفون نمبر99246184پر رابطہ کر سکتے ہیں، بدھ کو چیف سیکریٹری سندھ اعجاز چوہدری اور آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے الیکشن سیکیورٹی پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔

اس موقع پر کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈمنسٹریٹر کراچی ، اور سندھ پولیس و انتظامیہ کے دیگر سینئر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، سندھ پولیس کے مرتب کردہ الیکشن سیکیورٹی پلان کے مطابق صوبے بھر میں تقریباً 57 ہزار 344 پولنگ اسٹیشنز پر 11 ہزار سے زائد ریزرو پولیس افسران و اہلکاروں سمیت مجموعی طور پر 84 ہزار سے زائد افسران و اہلکار الیکشن سیکیورٹی کے فرائض انجام دینگے ، رپورٹ کے مطابق الیکشن پولنگ میٹریلز کی سیکیورٹی و پرنٹنگ پریس کراچی سے سندھ کے مختلف اضلاع میں ترسیل کیلیے 11 سو سے زائد نفری کو علیحدہ سے تعینات کیا گیا ہے۔




جبکہ ایڈیشنل آئی جی کراچی کی رپورٹ کے مطابق شہر میں پولنگ بلڈنگز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 380 ہے جس میں انتہائی حساس ، حساس اور نارمل کیٹگریز میں آنے والی پولنگ بلڈنگز کی تعداد بالترتیب 909 ، 1009 اور 462 ہے ، اسی طرح مجموعی طور پر شہر میں 4 ہزار 156 پولنگ اسٹیشنز میں انتہائی حساس 1171 ، حساس 1990 جبکہ نارمل پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 995 ہے رپورٹ کے مطابق شہر میں موجود 208 فلیش پوائنٹس پر پولیس کے خصوصی دستوں کے علاوہ شہر بھر میں 25 ہزار سے زائد افسران و اہلکار الیکشن سیکیورٹی کے فرائض انجام دینگے۔

جبکہ 534 پیٹرولنگ پولیس پارٹیاں شہر بھر میں گشت کریں گی ، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران و ریٹرننگ افسران کے دفاتر کی ٹیکنیکل سوئپنگ کرے گا جبکہ سرچنگ کے عمل میں K-9 یونٹ کے سراغ رساں کتوں کو بھی استعمال میں لایا جائے اور بعدازاں کلیرنس رپورٹ مذکورہ دفاتر پر تعینات پولیس افسران کو دی جائے گی ۔
Load Next Story