7 روز گزر گئے پولیس کرائم برانچ اہلکار کے قاتل پکڑنے میں ناکام

42سالہ اورنگزیب نے تقریباً 22 سال محکمہ پولیس میں اپنی خدمات انجام دیں۔

مقتول اورنگزیب کی یاد گار تصویر ۔ فوٹو : راشد اجمیری / ایکسپریس

عوامی کالونی پولیس کرائم برانچ اہلکار کے قتل میں ملوث ملزمان کا سراغ لگانے میں ناکام ہوگئی۔

3مئی کوکورنگی صنعتی ایریا میں واقع M-5 منی بس اسٹاپ کے قریب سروس اسٹیشن پر بیٹھے ہوئے مکان نمبر 54/Aکورنگی صنعتی ایریا کے رہائشی کرائم برانچ پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل 42سالہ اورنگزیب ولد محمد ایوب کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا جبکہ ملزمان جائے وقوع سے فرار ہوگئے تھے۔

مقتول کے بڑے بھائی شعیب ولد ایوب نے نمائندہ ایکسپریس کو بتایا کہ ان کا آبائی تعلق بالا کوٹ سے ہے اور مقتول اورنگزیب کی8سال قبل شادی ہوئی تھی اور مقتول کے پسماندگان میں 6 سالہ بیٹا سفیان ، 4 سالہ ریحان ، 2 سالہ بیٹی رمشا اور بیوہ شامل ہیں، انھوں نے بتایا کہ مقتول نے تقریباً 22 سال محکمہ پولیس میں اپنی خدمات انجام دیں ہیں۔




واقعے کی اطلاع سروس اسٹیشن کے ملازم نے گھر پر آکر اطلاع دی تھی کہ اورنگزیب بھائی کو گولیاں لگ گئی ہیں،جب ہم جناح اسپتال کے سینئر ڈاکٹرز ان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول کو 6گولیاں لگی تھیں۔

عوامی کالونی پولیس نے واقعے کے بعد 154کی کارروائی کرنے کے بعد اب تک مقتول کے اہلخانہ سے کوئی رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی پولیس نے قتل کی تفتیش سے متعلق کوئی معلومات فراہم کی ہے، مقتول اہلکار کے اہلخانہ نے کہا کہ اورنگزیب کے قتل میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے اورشہید کوٹے پر مقتول کے چھوٹے بھائی انور زیب کو محکمہ پولیس میں ملازمت دی جائے۔
Load Next Story