ایس ای سی پی کا 10 لسٹڈ کمپنیوں کیخلاف کارروائی کا حکم

سیکورٹیزو کارپوریٹ قوانین کی خلاف ورزی پر 34 کمپنیوں کو اظہار وجوہ کے نوٹس

سیکورٹیزو کارپوریٹ قوانین کی خلاف ورزی پر 34 کمپنیوں کو اظہار وجوہ کے نوٹس۔ فوٹو : فائل

سیکیورٹیزاینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے سیکیورٹیزاورکارپوریٹ قوانین کی خلاف ورزیوں پراسٹاک ایکس چینج میں لین دین کرنیوالی 10 کمپنیوں کیخلاف کارروائی کے احکام جاری کر دیے جبکہ 34 کمپنیوں کو اظہار وجوہ اور 12 کمپنیوں کو انتباہی نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔

سرمایہ کاروں کے تحفظ اور اسٹاک مارکیٹ میں حصص کی خرید و فروخت میں شفافیت کو یقینی بنانے کی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے سیکورٹیز اور کارپوریٹ قوانین کی خلاف ورزی کی مرتکب کمپنیوں کیخلاف مہم کو تیز کر دیا گیا ہے، اسٹاک مارکیٹ میں لین دین کرنیوالی تمام کمپنیوں کی موثر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

ایس ای سی پی کے سیکیورٹیز مارکیٹ ڈویژن نے سیان لمیٹڈ (سی وائے اے این) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جو داؤد ہرکولیس کارپوریشن میں بھی ڈائریکٹر ہے کے خلاف ان سائیڈ ٹریڈنگ میں ملوث ہونے پر آرڈر پاس کرتے ہوئے10 لاکھ روپے مالیت کاجرمانہ عائد کر دیا ہے، اسی تناظر میں سیان لمیٹیڈ کے خلاف داؤد ہرکولیس کارپوریشن کے حصص کی خریدارای میں انسائیڈ ٹریڈنگ کرنے پر کمپنی پر20 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔




کراچی اسٹاک مارکیٹ میں رجسٹرڈ بروکرز کی آن سائٹ انسپکشن کے دوران مذکورہ قواعد کی خلاف ورزی پرایکسز گلوبل لمیٹیڈ، الحوقانی سیکیورٹیز، شجر کیپٹل لمیٹڈ، فرسٹ ایکویٹی مضاربہ، مونف ضیاء لدین جنیدی اینڈ کمپنی، ناظر جاوید، مقصود عمران اشفاق چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ اورریاض احمد ثاقب گوہراینڈ کمپنی چارٹر اکاؤنٹنٹ کے خلاف بھی کارروائی کے احکام جاری کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹیزمارکیٹ ڈویژن نے اپریل2013 میں کمپنیوں اورسرمایہ کاروں کو ان سائیڈ ٹریڈنگ میں ملوث ہونے پر اظہار وجوہ کے5 نوٹسز جاری کیے۔

جبکہ اظہار وجوہ کے3 نوٹسز لسٹڈ کمپنیوں کو اسٹاک مارکیٹ کے لسٹنگ ریگولیشنز کی خلاف ورزی پر جاری کیے گئے، کراچی اسٹاک ایکس چینج میں رجسٹرڈ بروکرزاوران کے آڈیٹرز کو بھی سیکیورٹیز اینڈ ایکس چینج آرڈیننس مجریہ 1969کی خلاف ورزی پراظہار وجوہ کے6 نوٹسز جاری کیے گئے۔
Load Next Story