آئی پی ایل پونے واریئرز کو11ویں شکست کا صدمہ

پرویز رسول ایونٹ میں حصہ لینے والے پہلے کشمیری بن گئے،راجستھان بھی کامیاب.

راجستھان کے واٹسن کا زور دارشاٹ، عقب میں وکٹ کیپر گلکرسٹ موجود ،پنجاب کو شکست ہوگئی ۔ فوٹو : بی سی سی آئی

آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے پونے واریئرز کو روند کررکھ دیا، خوفناک بولنگ کی بدولت 46 رنز سے فتح حاصل کرلی۔

واریئرز کو 11وں شکست کا صدمہ برداشت کرنا پڑا، پرویز رسول آئی پی ایل کھیلنے والے پہلے کشمیری کرکٹر بن گئے۔ دوسرے میچ میں راجستھان رائلز نے کنگز الیون پنجاب کو 8 وکٹ سے مات دے دی۔ تفصیلات کے مطابق پونے واریئرز کی ٹیم 153 رنزکا تعاقب کرتے ہوئے 106 پر آؤٹ ہوگئی، انجیلو میتھیوز نے 40 اور روبن اتھاپا نے 31 رنز بنائے، باقی کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں ہی نہیں پہنچ پایا۔




لکشمی پاتھی بالا جی نے 3 جبکہ اقبال عبداللہ، جیک کیلس اور سنیل نارائن نے2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل کولکتہ نے 6 وکٹ پر 152 رنز بنائے، گوتم گمبھیر نے 50 اور ریان ٹین ڈوئچے نے 31 رنز اسکور کیے،پونے کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے جموں و کشمیر کے پرویز رسول صرف ایک رن بنا پائے، بھونیشور کمار نے 3 اور مچل مارش نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسرے میچ میں راجستھان رائلز نے 146 رنز کا ہدف صرف 2 وکٹ پر ایک اوور قبل حاصل کیا، اجنکیا راہنے نے ناقابل شکست 59 رنز اسکور کیے، یہ ان کی مسلسل تیسری ففٹی ہے،سنجو سیمسن نے 47 اورشین واٹسن نے31 رنز اسکور کیے۔ اس سے پہلے کنگز الیون پنجاب نے 6 وکٹ پر 145 رنز بنائے، شین مارش نے 77 اور ایڈم گلکرسٹ نے 42 رنز اسکور کیے،کیون کوپر نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
Load Next Story