انتخابات کے بعد نیا پاکستان جنم لے گا عالمی میڈیا

زیادہ امکان یہی ہے کہ اتحادی حکومت بنے گی ، بڑی تبدیلی آسان نہیں ہے

زیادہ امکان یہی ہے کہ اتحادی حکومت بنے گی ، بڑی تبدیلی آسان نہیں ہے۔ فوٹو: آن لائن

امریکی اور مغربی میڈیا میں پاکستان میں آج ہونے والے عام انتخابات پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ انتخابات کے بعدنیا پاکستان جنم لے گا۔ مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے ، برطانوی اخبار انڈیپنڈنٹ نے لکھا کہ لوگوں کو نئے پاکستان کا خواب دکھایا جارہا ہے۔ 1971 میں ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے انتہائی سنگین حالات پر کتاب لکھی تھی لیکن حالات آج زیادہ سنگین ہیں۔جمہوری حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ آئینی مدت پوری کی ہے۔ اگرچہ عمران خان نے نیا پاکستان کا نعرہ لگایا ہے لیکن وہ اس حوالے سے زیادہ تفصیلات قوم کے سامنے پیش نہیں کرسکے۔یہ سوال بھی اپنی جگہ موجود ہے کہ پاکستان اس وقت سنگین حالات سے گزر رہا ہے ،اس کی کشتی کون پار لگائے گا؟ٹیلی گراف نے لکھا کہ قومی اسمبلی کی 272نشستوں پر ووٹنگ ہوناہے اور پہلی مرتبہ ایسی صورتحال بن چکی ہے کہ کسی جماعت کے متعلق نہیں کہا جاسکتا کہ وہ حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہوگی۔




اس طرح زیادہ امکان یہی ہے کہ انتخابات کے بعد اتحادی حکومت ہی بنے گی لیکن پیپلز پارٹی،مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے درمیان جس قدر فاصلے موجود ہیں، اس صورتحال میں اتحاد بنانا بھی آسان نہیں ہوگا۔ امریکی اخبار یو ایس ٹوڈے نے لکھا کہ تاریخی پارلیمانی انتخابات میں سیاسی جماعتوں کے ساتھ طالبان کا کردار بھی انتہائی اہم ہے جو ان انتخابات سبوتاژ کرنے کی دھمکیاں دے چکے ہیں۔ رائے عامہ کے جائزوں سے معلوم ہوتا ہے کہ مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا۔نواز شریف اور عمران خان دونوں وزیراعظم کی دوڑ میں شامل ہیں اور یہ دونوں دہشت گردی کیخلاف جنگ کے حوالے سے شدید تحفظات رکھتے ہیں۔اگرچہ عمران نے نئے پاکستان کاوعدہ کیا ہے لیکن سلامتی کی صورتحال اور سیاسی منظر نامہ بتاتا ہے کہاسٹیٹس کو مزید مضبوط ہوگا اوربڑی تبدیلی آسان نہیں۔
Load Next Story