زمبابوے کیخلاف سرفراز احمد کی بولنگ شائقین کو حیران کر گئی

پاکستانی کپتان نے مہندرا سنگھ دھونی کی تقلید کرتے ہوئے کیپنگ گلوز فخرزمان کو سونپ کر گیند سے اپنا ہنر آزمایا۔

پاکستانی کپتان نے مہندرا سنگھ دھونی کی تقلید کرتے ہوئے کیپنگ گلوز فخرزمان کو سونپ کر گیند سے اپنا ہنر آزمایا۔ فوٹو: فائل

زمبابوے سے ون ڈے سیریزکے آخری میچ میں سرفرازاحمد کی بولنگ شائقین کو حیران کر گئی۔

زمبابوے سے ون ڈے سیریز کے آخری میچ میں پاکستان کی فتح یقینی تھی، اختتامی اوورز میں سرفرازاحمد نے بولنگ کا تجربہ کرنے کیلیے کیپنگ گلوز فخرزمان کو تھما دیے اور خود گیند تھام لی،آف اسپن بولنگ کرتے ہوئے پہلا اوور تو اچھا رہا جس میں6رنز دیے، اس کے بعد اننگز کا آخری اوور بھی سرفراز خود کرنے کیلیے آئے تو پیٹرمور نے پہلی ہی گیند پر چھکا جڑ دیا،اس اوور میں سرفراز احمد نے9رنز دیے۔


اس سے قبل مہندرا سنگھ دھونی نے بھی کیپنگ چھوڑ کر بولنگ کا تجربہ کرتے ہوئے شائقین کو حیرت میں مبتلا کیا تھا،بھارتی کپتان نے ایک انٹرنیشنل وکٹ بھی حاصل کررکھی ہے،انھوں نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی2009میں ویسٹ انڈین بیٹسمین ٹریوس ڈاؤلن کو آؤٹ کیا تھا۔

سرفراز احمد کی بولنگ کا سوشل میڈیا پر بھی خوب ذکر ہوتا رہا،ایک صارف کا کہنا تھا کہ پاکستانی کپتان دھونی کی تقلید کرتے نظر آئے،دوسرے کا کہنا تھا کہ کمزور حریف پر کلین سوئپ کے بعد اب ایسا کیا جا سکتا ہے،ایک صارف کا کہنا تھا کہ پاکستانی اسکواڈ میں متبادل ریگولر وکٹ کیپر نہیں،اچھا ہوا کہ بولنگ کا تجربہ سیریز کی ابتدا میں نہیں کیا،کپتان کا خود کو انجریز سے محفوظ رکھنا ضروری ہے۔
Load Next Story