جعلی اسکیم کے ذریعے شہریوں سے 13 ارب بٹورنے والے 4 ملزم گرفتار

42ہزارروپے کی موٹرسائیکل25 ہزار میں دینے کا وعدہ کرکے شہریوں سے اربوں روپے بٹورے، ملزمان کمپنی بند کرکے فرار ہوگئے تھے

چاروں ملزمان کیخلاف مقدمہ درج ،ملزمان کے فرار کی خبر سن کرایک متاثرہ شہری دل کا دورہ پڑنے سے انتقال بھی کرچکا ہے، پولیس۔ فوٹو: ایکسپریس

شاہ فیصل انویسٹی گیشن پولیس نے مبینہ طور پر 13 ارب روپے کے فراڈ میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتارکرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

شاہ فیصل انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 13 ارب روپے کے فراڈ میں ملوث 4 ملزمان دانش،محمد کامران،غلام فرید اورعبدالناصرکو گرفتار کرلیا۔


ڈی ایس پی شاہ فیصل کالونی قمرالزمان نے ایکسپریس کو بتایا کہ اربوں روپے کے فراڈ کے الزام میں گرفتار ملزمان نے شاہ فیصل کالونی نمبر 5میں میاں نور محمد (ایم این ایم) نامی کمپنی کھولی تھی اورگرفتار ملزمان نے کمپنی کے تحت شہریوں کے لیے خصوصی اسکیم شروع کی تھی اوراسکیم کے تحت 42ہزارکی موٹرسائیکل 25 ہزار میں دینے کا وعدہ کیا تھا اور اس سلسلے میں انھوں نے شہریوں سے ایڈوانس رقم بھی وصول کرلی تھی اور گرفتار ملزمان نے اسکیم میں لازمی قرار دیا تھا کہ 25 ہزارکی نئی موٹر سائیکل صرف اس شخص کو دی جائے گی جو مزید 3 خریدار کمپنی میں لائے اور وہ 3 خریدار مزید اپنے جاننے والوں کو موٹر سائیکل خریدنے پر نہ صرف راضی کریں بلکہ انھیں کمپنی میں لائیں۔

ڈی ایس پی نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان نے اسکیم کے ذریعے شہریوں سے 13 ارب روپے سے زاید رقم جمع کی جس کے بعد ملزمان اپنی کمپنی بند کرکے فرار ہوگئے تھے اورکئی شہریوں نے اپنی املاک فروخت کرکے منافع کی خاطر اس اسکیم میں سرمایہ کاری کی تھی،ملزمان کے فرار ہونے کی خبر سن کر ایک متاثرہ شہری دل کا دورہ پڑنے سے انتقال بھی کرچکا ہے۔

ڈی ایس پی نے بتایا کہ پولیس نے مخبرخاص کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے اور دوران تفتیش مزید انکشافات متوقع ہیں پولیس نے گرفتارملزمان کے دیگرساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کوشش شروع کردی ہے جبکہ گرفتارملزمان کے دیگر ساتھیوں کے خلاف نیب میں بھی کیس موجود ہیں۔
Load Next Story