سبزی منڈی میں گندگی اور دیگر مسائل بڑھنے لگے

اندرونی راستوں پر تجاوزات کی بھرمار،جگہ جگہ گلی سڑی سبزیوں اور پھلوں کے ڈھیر

مارکیٹ کمیٹی کی عدم تشکیل کی وجہ سے منڈی مسائل کا گڑھ بن کر رہ گئی ہے

کراچی سبزی منڈی میں صفائی ستھرائی کے مسائل بڑھنے سے کراچی کے شہریوں کی صحت کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔

منڈی کا انتظام سنبھالنے والی مارکیٹ کمیٹی کی عدم تشکیل کی وجہ سے منڈی مسائل کا گڑھ بن کر رہ گئی ہے، منڈی کے اندرونی راستوں پر تجاوزات کی بھرمار ہے اور جگہ جگہ گلی سڑی سبزیوں اور پھلوں کا ڈھیر لگا ہے، کراچی سبزی منڈی میں پھل اور سبزیوں کی یومیہ قیمت کی روشنی میں شہر کیلیے خوردہ نرخ نامے کی تیاری بھی بری طرح متاثر ہورہی ہے اور شہر میں سبزی فروش منڈی کے مقابلے میں4گنا زائد قیمت پر سبزیاں فروخت کررہے ہیں۔


تاجروں کے مطابق سبزی منڈی میں مارکیٹ کمیٹی یومیہ بنیادوں پر سبزی اور پھلوں کے تھوک نرخ جاری کرتی ہے جس کی روشنی میں یومیہ بنیادوں پر پھل اور سبزی کے خوردہ سطح کیلیے نرخ نامے مرتب کیے جاتے ہیں لیکن مارکیٹ کمیٹی کی تشکیل نہ ہونے کی وجہ سے منڈی کے ساتھ شہر بھر میں من مانی قیمتوں پر فروخت جاری ہے، مارکیٹ کمیٹی کی نگرانی میں سبزی اور پھل کی نیلامی کے بجائے بڑے آڑھتیوں کی صوابدید پر نرخ مقرر کیے جارہے ہیں۔



منڈی میں مال لے کر آنے والی گاڑیوں سے انٹری فیس کی مد میں یومیہ بھاری مالیت کے محصولات جمع کیے جاتے ہیں، اسی طرح منڈی میں کاروبار کرنیو الے تاجر بھی کاروبار کے حجم کے لحاظ سے مارکیٹ فیس ادا کرتے ہیں تاہم منڈی میں مارکیٹ کمیٹی نہ ہونے کی وجہ سے ماہانہ لاکھوں روپے کے محصولات کی چوری کی جارہی ہے، اسی طرح تاجر بھی مارکیٹ کمیٹی کی فیس ادا نہیں کررہے، منڈی سے ملنے والے محصولات منڈی کے ترقیاتی کاموں پر خرچ کیے جاتے ہیں، ایک جانب مارکیٹ کمیٹی کی عدم موجودگی اور دوسری جانب ٹٰیکسوں کی چوری کی وجہ سے مارکیٹ کے بیشتر ترقیاتی منصوبے نامکمل پڑے ہیں جن میں منڈی کی اندرونی سڑکوںکی تعمیر، صفائی ستھرائی کے اقدامات، پینے کے پانی کی فراہمی، بیت الخلا کی تعمیر، آگ بجھانے کے انتظامات، سیکیوریٹی کیمروں کی تنصیب سرفہرست ہیں۔
Load Next Story