پنجاب میں کلین سویپ کے باوجود ن لیگ راولپنڈی میں ہار گئی

این اے 55،56کے علاوہ پی پی 11،12اور13پربھی شکست،صرف پی پی14پر کامیابی.

خوداعتمادی لیگی امیدواروں کولے ڈوبی، میرامقابلہ 3 جماعتی اتحاد سے تھا ،شکیل اعوان۔ فوٹو: فائل

لاہور:
پارٹی ٹکٹوں کی غلط تقسیم، مقامی قیادت میں اختلافات اور گروپ بندی نے راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کے مضبوط قلعے میں دراڑیں ڈال دیں۔


این اے 55 اور 56 جیسے اہم حلقوں پر عوامی مسلم لیگ اور تحریک انصاف کی کامیابی کے علاوہ راولپنڈی شہر میں صرف پی پی 14 مسلم لیگ (ن) کے حصے میں آئی ، اس صورتحال پر لیگی کارکن پریشان جبکہ امیدوار اپنی ناکامی کو اپنے خلاف تین جماعتی اتحاد کی سازش قرار دیتے ہیں۔ راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت میں اختلافات اور ایک دوسرے کے خلاف احتجاجی مظاہروں نے الیکشن سے قبل ہی پارٹی امیدواروں کیلیے صورتحال پیچیدہ بنادی تھی اور حلقہ این اے 55 پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اور تحریک انصاف نے اس کا بھر پور فائدہ اٹھایا۔

این اے 55 میں عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد نے پول ہونیوالے 177207 درست ووٹوں میںسے 88532 حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے ملک شکیل اعوان نے 75275 ووٹ حاصل کیے ، پیپلرپارٹی کے امیدوار چوہدری افتخار6212 حاصل کرسکے۔ این اے55 اور 56 میں (ن) لیگ کے امیدوارشکیل اعوان اورحنیف عباسی جہاں زیادہ خوداعتمادی کاشکارتھے وہیں (ن) لیگ کی اعلیٰ قیادت کو ایک مقامی رہنما نے ان کے جیتنے کی خوشخبری پہلے ہی سنادی تھی۔ این اے56 میں حنیف عباسی کامقابلہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے تھا۔ عمران خان کو پیش آنیوالے حادثے کے بعد حنیف عباسی صرف سوشل میڈیا پرمہم چلاتے رہے اور ان کا کارکنوں سے موثررابطہ نہیں رہا ۔ راولپنڈی ڈویژن کی سیٹوںکا فیصلہ کرنیوالے چوہدری نثارخود بھی این اے53 ٹیکسلا سے الیکشن ہارگئے۔
Load Next Story