ریکارڈ ساز پرفارمنس رمیز راجہ فخر زمان کے گن گانے لگے

جارحانہ بیٹنگ سے بڑی ٹیموں کی معیاری بولنگ کوبھی غیرموثربنا دیا،سابق قائد

اعلان سے قبل بورڈز سے مشاورت اور شرکت کی تصدیق کرائی گئی،آفیشل۔ فوٹو:فائل

ورلڈریکارڈ پرفارمنس کے بعد سابق کپتان رمیز راجہ اوپنرفخر زمان کے گن گانے لگے۔

برطانوی ویب سائٹ کو انٹرویو میں رمیز راجہ نے کہا ہے کہ میں نے پاک زمبابوے دوسرے ون ڈے کے بعد ایک ٹویٹ میں اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ اس سیریز میں کوئی پاکستانی بیٹسمین ڈبل سنچری کی طرف کیوں نہیں دیکھ رہا، ایسا دکھائی دیتا ہے کہ فخرزمان نے اس ٹویٹ کا سب سے زیادہ اثر لیا کیونکہ صرف 4 روز بعد وہ چوتھے ون ڈے میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹسمین بن گئے۔


سابق قومی کپتان نے کہاکہ میری ٹویٹ کا مقصد پاکستانی پلیئرز کو کسی بڑی کارکردگی کے لیے تیار کرنا تھا، جب آپ کے حریف میں بہت واضح فرق ہو تو پھر ورلڈ ریکارڈ پرفارمنس دکھا کر ہی شہ سرخیوں میں جگہ بنا سکتے ہیں، یہی بات میں نے اجاگر کرنے کی کوشش کی تھی کہ اگر کوئی ڈبل سنچری یا عالمی ریکارڈ پارٹنرشپ نہیں بنی تو پھر مزا نہیں آئے گا۔

رمیز راجہ نے کہاکہ زمبابوے کے خلاف حاصل کردہ اعتماد ٹیم کو آنے والے میچوں میں کام آئے گا۔ یہ سیریز پاکستانی ٹیم کے لیے تیاری کے نقطۂ نظر سے ٹھیک تھی، اگلی سیریز کھیلتے وقت فخرزمان کو اپنی ڈبل سنچری جبکہ امام الحق کو ورلڈ ریکارڈ پارٹنرشپ و سنچریاں یاد رہیں گی، البتہ پاکستانی ٹیم کو یہ بات بھی ذہن میں رکھنی ہوگی کہ اچھی اور بڑی ٹیموں کے خلاف اسے مزید کتنی پختگی کی ضرورت ہے۔

سابق کپتان نے کہاکہ قومی ٹیم کو آصف علی کی صورت میں ایک اچھا مڈل آرڈر بیٹسمین ملا ہے، اگر ایک عمدہ اوپننگ پارٹنرشپ قائم ہوجائے تو پھر آصف علی کو تیسرے نمبر پر بھی کھلایا جاسکتا ہے، نوجوان کرکٹرز کے آنے سے پاکستانی ٹیم کی محدود اوورز کی کرکٹ میں شکل بدل گئی ہے، انھوںنے کہا کہ ینگسٹرز نے اپنی صلاحیتوں سے سفیدگیند کی کرکٹ میں ہماری شکل بدل دی، ہر کھلاڑی لاجواب پرفارمنس دے رہا ہے۔
Load Next Story