نیب پھر متحرک شہباز شریف 20 چوہدری برادران16 اگست کو طلب

شہباز شریف کے دامادکوانٹر پول کے ذریعے وطن واپس لانے کیلیے ریڈ نوٹس بھجوانے پر غور۔

علیم خان اور مونس الٰہی30 جولائی تک اپنی کمپنیوں، اثاثوں کی تفصیل جمع کرائیں گے۔ فوٹو: فائل

عام انتخابات کے بعد نیب ایک بار پھر متحرک ہوگیا اور نیب تحقیقاتی ٹیم نے سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کو 20 اگست، چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الٰہی کو 16 اگست کو طلب کر لیا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ محمد شہباز شریف کو پنجاب پاور ڈیولپمنٹ کمپنی کیس میں 20 اگست صبح11 بجے نیب تحقیقاتی ٹیم نے طلب کرلیا ہے، نیب لاہور کی جانب سے سابق وزیر اعلی پنجاب کو پہلے بھی صاف پانی کرپشن کیس اور پنجاب پاور ڈیولپمنٹ کمپنی کیس میں طلب کیا جا چکاہے۔


نیب لاہور 56 کمپنیز کرپشن کیس میں کروڑوں روپے کی کرپشن پر پہلے ہی تحقیقات کر رہا ہے، سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے داماد علی عمران کو بھی پہلے متعدد بار طلب کیا گیا لیکن وہ ملک چلے گئے، علی عمران پر ملزم اکرام نوید سے 13 کروڑ سے زائد رقم غیر قانونی طور پر وصول کرنے کا الزام ہے، علی عمران کو بیرون ملک سے واپس لانے کے لیے نیب نے انٹر پول کے ذریعے احتساب عدالت سے ریڈ نوٹس بھجوانے پر غور کر رہا ہے جبکہ 56 کمپنیوں کے حوالے سے نیب اپنی رپوٹ سپریم کورٹ میں جمع کروا چکی ہے۔

دوسری جانب چوہدری شجاعت اورچوہدری پرویز الہی کو غیر قانونی اثاثہ جات کیس میں طلب کیا گیا ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے ممکنہ امیدوار عبدالعلیم خان کو بھی 30 جولائی تک اپنی غیر ملکی کمپنیوں کی تفصیلات نیب میں جمع کرانی ہیں۔

؎ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی نیب لاہور نے اپنے عملے کو سیاستدانوں کیخلاف اہم کیسوں پر کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ مونس الہٰی کو بھی 30 جولائی تک اپنے اثاثوں کی تفصیل جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Load Next Story