پیر آباد فائرنگ سے اسکول کا ایڈمنسٹریٹر جاں بحق

پروجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمن کو بھی اورنگی ٹاؤن میں ہی طالبان نے قتل کیا تھا

ڈبل سواری کی پابندی کے باوجود موٹر سا ئیکل سوارملزمان فائرنگ کے بعد ٹینس بال بم پھینک کر انتہائی اطمینان کے ساتھ فرار ہوگئے. فوٹو: فائل

پیرآباد میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے اورنگی ٹاؤن پائلٹ پروجیکٹ سے الحاق شدہ اسکول کے ایڈمنسٹریٹر کو ہلاک جبکہ اس کے بھائی اور کمسن بیٹی کو زخمی کردیا ۔

ڈبل سواری کی پابندی کے باوجود موٹر سا ئیکل سوارملزمان فائرنگ کے بعد ٹینس بال بم پھینک کر انتہائی اطمینان کے ساتھ فرار ہوگئے، واقعے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ملوث ہونے کا شبہ ہے، مقتول کے اسکول کا اورنگی ٹاؤن پائلٹ پروجیکٹ سے الحاق تھا، اس سے قبل اورنگی ٹاؤن پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمٰن کو بھی کالعدم تحریک طالبان نے اورنگی ٹاؤن میں ہی 13 مارچ کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا ، تفصیلات کے مطابق پیرآباد اسلامیہ کالونی نمبر 2 میں گزشتہ روز موٹر سائیکل سوار ملزمان نے برائٹ میڈیکل اسٹور کے باہر بیٹھے عبدالوحید پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

فائرنگ کی زد میں آکر اس کا بھائی 45 سالہ نصیب تاج اورکمسن بچی عریشہ بھی زخمی ہوگئے، ایس پی اورنگی ٹاؤن چوہدری اسد نے ایکسپریس کو بتایا کہ 35 سالہ عبدالوحید ولد عبدالقیوم جاں بحق جبکہ اس کا بھا ئی اور بیٹی زخمی ہیں، انھوں نے بتایا کہ ملزمان نے فرار ہوتے وقت ٹینس بال بم بھی پھینکا تاہم اس سے مزید کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، ایس پی کا کہنا تھا کہ مقتول اپنے میڈیکل اسٹور سے متصل نونہال اکیڈمی کا ایڈمنسٹریٹر تھا ، واقعے کے وقت وہ اپنے میڈیکل اسٹور کے باہر بیٹھا ہوا تھا ، ڈی ایس پی زاہد حسین کا کہنا تھا کہ مقتول اچھی شہرت کا حامل تھا ۔




جبکہ علاقے میں اس نے ویلفیئر کلینک بھی کھولا ہوا تھا جس میں طبی ماہرین اپنے فرائض انجام دیتے ہیں جبکہ سماجی خدمات میں بھی وہ پیش پیش رہتا تھا ،مقتول کے اسکول کا اورنگی ٹاؤن پائلٹ پروجیکٹ سے الحاق بھی تھا ، مقتول کو اس سے قبل متعدد مرتبہ دھمکیاں مل چکی تھیں ، مقتول پیپلزپارٹی یوسی 9 کا صدر بھی تھا ،پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے،پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کارندوں کے ملوث ہونے کا شبہ ہے کیونکہ واردات میں جو طریقہ استعمال کیا گیا ہے وہ کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں سے ہی مشابہت رکھتا ہے۔

، اس سے قبل اورنگی ٹاؤن پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمن کو بھی 13 مارچ کی شام کو اورنگی ٹاؤن کے ہی علاقے عبداللہ کالج کے قریب نامعلوم ملزمان نے اس وقت فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا جب وہ اپنی کار میں ڈرائیور کے ہمراہ آفس سے واپس رہائش گاہ واقع گلستان جوہر جارہی تھیں ، مقتولہ کار کی پچھلی سیٹ پر بیٹھی تھیں اور ملزمان نے کار کے قریب آکر ان پر فائرنگ کی تھی ، حیرت انگیز طور پر واقعے کے دوسرے ہی روز پولیس نے منگھوپیر میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد ملزم کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا ، پولیس کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان منگھوپیر کا امیر قاری بلال پروین رحمن کے قتل میں ملوث تھا ۔
Load Next Story