غیرمعروف بیٹنگ کوچ کی جانب سے واٹمورکیلیے’’نو لفٹ‘‘

ووڈ ہل سے ایس ایم ایس و ای میل سے رابطے کی کوشش پرجواب نہ ملا،چیف کوچ.

ووڈ ہل سے ایس ایم ایس و ای میل سے رابطے کی کوشش پرجواب نہ ملا،چیف کوچ۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
پاکستان کرکٹ ٹیم کے غیرمعروف بیٹنگ کوچ نے عالمی شہرت یافتہ ڈیو واٹمور کو لفٹ کرانا مناسب نہ سمجھا۔

چیف کوچ کا کہنا ہے کہ انھوں نے ٹرینٹ ووڈ ہل سے ایس ایم ایس اور ای میل سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاحال کوئی جواب نہیں آیا، آئر لینڈ پہنچ کر تفصیلی بات چیت ہوگی۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں میڈیا سے بات چیت میں واٹمور نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کیلیے ووڈہل کو بیٹنگ کوچ بنانے کا فیصلہ پی سی بی کا ہے اس لیے میں اس حوالے سے کیا کہہ سکتا ہوں۔ یاد رہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے بھی ووڈہل کے تقرر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے، وہ آسٹریلیا میں گریڈ کرکٹ کھیلتے رہے تاہم اب آئی پی ایل میں دہلی ڈیرڈیولز کے ساتھ منسلک ہیں، ان کی ٹیم ایونٹ میں سیکنڈ لاسٹ نمبر پر ہے۔




دریں اثنا واٹمور نے مزیدکہا کہ آئی سی سی ایونٹ دوطرفہ سیریز سے مختلف ہوتا ہے، اس میں وہی ٹیم ٹائٹل کا حقدار ٹھہرتی ہے جو ابتدائی2ٹیموں میں آنے کا عزم لے کر میدان میں اترے، واٹمور نے کہا کہ ہم ہر ٹورنامنٹ میں جیتنے کیلیے شرکت کرتے ہیں ،نوجوان کھلاڑیوں کو پرفارمنس کی بنیاد پر ٹیم کا حصہ بنایا گیا، امید ہے کہ وہ اچھا کھیل پیش کریں گے، سلیکٹرز نے میگا ایونٹ کیلیے متوازن ٹیم منتخب کی ہے، مصباح الحق، سعید اجمل، کامران اکمل اور محمد حفیظ جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی میں پاکستان ایک مضبوط سائیڈ ہے، چیف کوچ نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم کے کھلاڑی اچھا پرفارم کریں گے، نوجوان کھلاڑیوں کو مستقبل کیلیے تیار کیا جا رہا ہے ان کی ٹیم میں شمولیت صرف پرفارمنس کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ ڈیو واٹمور نے امید ظاہر کی کہ چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم شاندار کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے گی۔
Load Next Story