ٹینس رینکنگ اولگا نے ایک ہی جست میں 75 درج ترقی حاصل کرلی

سربیا کی جواں سال کھلاڑی  ریو ویمنز کپ جیتنے پر یکدم 187 سے 112ویں نمبرپر پہنچ گئیں، سیموناہالیپ کا راج برقرار

سربیا کی جواں سال کھلاڑی  ریو ویمنز کپ جیتنے پر یکدم 187 سے 112ویں نمبرپر پہنچ گئیں، سیموناہالیپ کا راج برقرار۔ فوٹو: فائل

17 سالہ سربیئن کھلاڑی اولگا ڈینالووک نے ویمنز سنگلز رینکنگ میں 75 درجے کی چھلانگ لگالی، کیریئر کی پہلی ڈبلیو ٹی اے ٹرافی جیتنے پر وہ یکدم 187 سے 112ویں نمبر پر براجمان ہوگئیں۔

نئی ویمنز سنگلز رینکنگ میں 17 سالہ سربیئن کھلاڑی اولگا ڈینالووک نے 75 درجے کی چھلانگ لگالی، کیریئر کی پہلی ڈبلیو ٹی اے ٹرافی جیتنے پر وہ یکدم 187 سے 112ویں نمبر پر براجمان ہوگئیں، انھوں نے گزشتہ دنوں ماسکو میں منعقدہ ریو ویمنز کپ کے فائنل میں میزبان کھلاڑی اناستاسیا پوٹاپووا کیخلاف کامیابی سمیٹی تھی۔

ٹاپ 10 میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی، سیمونا ہالیپ بدستور سرفہرست ہیں، کیرولین ووزنیاسکی دوسرے،سلون اسٹیفنز تیسرے، اینجلیک کیربر چوتھے، الینا سویٹولینا پانچویں اور کیرولینا گارشیا چھٹے نمبروں پر ہیں۔

اسپین کی گاربین مگروزا نے ساتویں پوزیشن پر قدم جمائے رکھے، جمہوریہ چیک کی پیٹرا کیوٹوا بھی آٹھویں اور کیرولینا پلسکووا نویں پوزیشنز پرموجود رہیں، جرمنی کی جولیا گوریجس اس بار بھی ٹاپ 10 کی آخری شریک بنی ہوئی ہیں، لٹویا سے تعلق رکھنے والی جیلینا اوسٹاپینکو نے11ویں پوزیشن برقرار رکھی۔

امریکی پلیئر میڈیسن کیز 12، ڈاریا کیساٹینکا13، وینس ولیمز 14، الیسی مارٹینز15 ، ایشلیگ بارٹی 16، ناؤمی اوساکا17، کیکی بارٹینز18 ، کوکو وینڈی ویگ19 اوراناستاسیجا سیواسٹووا 20ویں نمبروں پر ہی رہیں۔


پوٹاپووا نے ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے 135ویں نمبر پر جگہ بنالی۔مینز سنگلز میں اسپینش اسٹار رافیل نڈال بدستور نمبرون پلیئر ہیں، 17 بار کے گرینڈ سلم فاتح کوسوئس حریف راجرفیڈرر پر واضح سبقت حاصل ہے، سربیا کے نووک جوکووک بدستور ٹاپ ٹین کے آخری شریک بنے ہوئے ہیں، الیگزینڈر زیوریف نے تیسری پوزیشن سنبھالے رکھی۔

ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو کا چوتھا نمبر ہے، جنوبی افریقی پلیئر کیون اینڈرسن نے پانچویں نمبر پر قدم جمائے رکھے، بلغاریہ کے گریگور دیمیتروف نے چھٹی پوزیشن کو تھامے رکھا۔

کروشیا کے مارن کلک حسب سابق ساتویں نمبر پررہے، آسٹریا کے ڈومنیک تھیم نے جون اسنر کو پیچھے دھکیل کر آٹھویں پوزیشن پر قبضہ جمالیا، دراز قامت اسنر کو ایک درجے تنزلی کے بعد نویں پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا، نووک جوکووک اس بار بھی دسویں پوزیشن پر براجمان رہے۔

بیلجیئم کے ڈیوڈ گوفن گیارہویں پوزیشن پر موجود ہیں، ڈیگو شوارزمین نے 12 ویں اور پبلو کارینو بسٹا13ویں نمبروں پر رہیں، امریکی پلیئر جیک سوک نے اطالوی پلیئر فابیو فوگنینی کو پیچھے دھکیل کر 14ویں پوزیشن پر قبضہ جمالیا، فوگنینی نے ایک درجے تنزلی کے بعد 15ویں نمبر پر چلے گئے۔

روبرٹو بوٹسٹا اگٹ نے 16ویں اور نک کریگوئس نے 17ویں پوزیشنز پر حق جتادیا، ان دونوں کو ایک ایک درجے بہتری ملی، برطانیہ کے کائل ایڈمنڈ 2 درجے تنزلی کے بعد 18ویں نمبر پر دھکیل دیے گئے، فرانس کے لوکاس پاؤلی 19 اور جاپانی اسٹار کائی نیشکوری 20 ویں نمبروں پر موجود رہے۔
Load Next Story