ارمینا رانا خان کی شارٹ فلم ’’رائتھ‘‘ کی ’’کینز فلم فیسٹیول‘‘ میں نمائش ہوگی

برطانوی اداکارجیف کوپراورفیصل رضاخان بھی شامل،پروموشن کےلیےارمیناخان سمیت فلم کی پوری ٹیم بھی فیسٹیول میں شرکت کریگی.

فلم کی کہانی میرے کردار کے گرد گھومتی ہے،کینیڈا میں رہتی ہوں،نام کے ساتھ پاکستان کا نام آنے پرمیں ہمیشہ ہی فخر محسوس کرتی ہوں،’’ ایکسپریس‘‘سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

پاکستانی نژاد کینیڈین اداکارہ و ماڈل ارمیناراناخان کی شارٹ فلم ''رائتھ'' فرانس میں ہونے والے ' کینزفلم فیسٹیول' میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

جس کی پروموشن کے لیے ارمینا خان سمیت فلم کی پوری ٹیم بھی فیسٹیول میں شرکت کرے گی۔ فلم کی کاسٹ میں ارمینا رانا خان مرکزی کردارادا کررہی ہیں جب کہ ان کے ہمراہ برٹش اداکارجیف کوپر اورفیصل رضاخان ہونگے۔ فلم کے ڈائریکٹرشیرازعلی ، ڈی او پی ہیری سٹیورٹ اورمیوزک ڈائریکٹر نیرج شگ ہیں۔ فلم کو16 مئی سے فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کیاجائے گا ۔ واضح رہے کہ فرانس میں منعقد ہونیوالے 'کینزفلم فیسٹیول' میں دنیا بھر میںاہم موضوعات پربنائی گئی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جاتی ہیں اوراس فیسٹیول کودیکھنے کے لیے جہاں دنیا بھرسے لوگ فرانس پہنچتے ہیں وہیں دنیا کے معروف فلمی ستارے ، ہدایتکار، فلمسازبھی فیسٹیول میں شرکت کرکے اس رنگا رنگ فیسٹیول کی تقریب کو چارچاند لگاتے ہیں۔

اداکارہ وماڈل ارمینا رانا خان نے گزشتہ روزلندن سے فون پر'' ایکسپریس''سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے کہ میں فلم 'رائتھ' میں مرکزی کردار اداکررہی ہوں اوراب اس کی نمائش دنیا کے مقبول ترین 'کینز فلم فیسٹیول' میںکی جارہی ہے۔ فلم کی کہانی میرے کردار کے گرد گھومتی ہے اوراس میں دیکھنے والوں کے لیے بہت سے سرپرائز ہونگے۔ اس لیے مجھے امید ہے کہ ہماری فلم فیسٹیول میں بہت پسند کی جائے گی۔ کیونکہ اس کی کہانی، پکچرائزیشن اورمیوزک بہت عمدہ ہے جوفیسٹیول کے شرکاء کی توجہ کا مرکز بنے گا۔ سب لوگ یہ بات جانتے ہیں کہ فیسٹیول میں دنیا کی تمام چھوٹی بڑی فلم انڈسٹریوں کے معروف فلمی ستارے ، ڈائریکٹر پروڈیوسر اورتکنیک کاروں کے ساتھ ساتھ شوبز کے نامور صحافی بھی شرکت کرتے ہیں اورپھر بڑی باریک بینی سے فلموںکودیکھتے ہوئے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں۔




انگریزی زبان میںبنی اس فلم کا دورانیہ توکم ہے لیکن مجھے امید ہے کہ یہ لوگوں کو برسوں یاد رہے گی۔ بلکہ ہم 'کینزفلم فیسٹیول' کے بعد اس فلم کو دنیا کے دوسرے فلم فیسٹیول میں بھی نمائش کے لیے پیش کرینگے۔ ایک سوال کے جواب میں ارمینا رانا خان نے کہا کہ میں کینیڈا میں رہتی ہوں لیکن میں اپنی فنی مصروفیات کی وجہ سے کبھی برطانیہ میں کام کرتی ہوں توکبھی بھارت اورپاکستان میں اور اس کے ساتھ ساتھ ہالی وڈ کے لیے بھی ایک پراجیکٹ پرکام جاری ہے جس کے بارے میں فی الحال معاہدے کے مطابق بتا نہیںسکتی۔ اس لیے میں اپنے والدین سے ملنے کے لیے لندن پہنچی تومیری ملاقات فلم کے ڈائریکٹر شیراز علی سے ہوئی جنہوںنے مجھے شارٹ فلم میںمرکزی کردار آفرکیا لیکن میںنے اسکرپٹ پڑھنے کے بعد ہی کام کرنے کی رضامندی ظاہرکی۔ یہ واقعی ہی بہت منفرد کردارتھا جس میں حقیقت کے رنگ بھرنے کے لیے میں نے خاصی محنت کی اوراس کے ساتھ ساتھ میرے ساتھی فنکاروں جیف کوپراورفیصل رضاخان نے بھی میری اس سلسلہ میں خاصی سپورٹ کی ۔ تویہ ایک ٹیم کی مشترکہ کاوش ہے اوراس کا بہترین رسپانس ملے گا۔

انھوں نے کہا کہ مزید بتایاکہ میرے والدین کا تعلق لاہورسے ہے لیکن میری پیدائش کینیڈا میں ہوئی تھی مگرمیں دنیا میں جہاںبھی جاؤں تومیرے نام کے ساتھ پاکستان کا نام ضرور آتا ہے جس پر مجھے ہمیشہ ہی فخر محسوس ہوتاہے۔ فیسٹیول میں جہاں ہماری فلم کا تعارف کروایا گیا ہے وہیں میرے تعارف کے ساتھ پاکستان کا بھی تذکرہ ہے تواس اعتبار سے یہ میرے لیے بہت فخرکی بات ہے اوراب بہت سے لوگ اس وجہ سے بھی فلم کودیکھنے کی خواہش ظاہر کرچکے ہیں۔ ارمینا رانا خان نے بتایاکہ میں پاکستان میں ٹی وی کمرشلز کے ساتھ ساتھ ٹی وی سیریلزمیںبھی کام کرچکی ہوں بلکہ رواں ماہ کے آخر میں ، میں اپنی ایک سیریل کی شوٹنگ میں حصہ لینے کے لیے کراچی پہنچوں گی اور اس کے ساتھ ساتھ دیگر سرگرمیوں میں بھی حصہ لونگی۔ انھوں نے کہا کہ بالی وڈ فلم میںبھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جس کی نمائش آئندہ برس متوقع ہے۔ اس فلم میں میرے مدمقابل بالی وڈ کے سپراسٹارکام کر رہے ہیں۔
Load Next Story