پاک فوج کا ایک اور شاندار کارنامہ

قدرت نے پاکستان کو اپنی فیاضیوں سے خوب نوازا ہے، ہر وہ نعمت جس کا ذکر اللہ تعالی نے سورہ رحمن میں کیا ہے۔

قدرت نے پاکستان کو اپنی فیاضیوں سے خوب نوازا ہے، ہر وہ نعمت جس کا ذکر اللہ تعالی نے سورہ رحمن میں کیا ہے۔ فوٹو؛ سوشل میڈیا

ISLAMABAD:
پاک فوج اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا لوہا دنیا بھر میں منوا چکی ہے، دہشتگردی کی عالمی جنگ میں فرنٹ لائن پر لڑنے والی فوج اقوام متحدہ کی امن فوج کے ساتھ مل کر کارہائے نمایاں انجام دے چکی ہے جب کہ ہر مشکل گھڑی جیسے سیلاب اور قدرتی آفات کے وقت اہل وطن کی خدمت میں پیش پیش رہتی ہے۔گزشتہ روز پاک فوج نے شمالی علاقہ جات میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے انتہائی مشکل آپریشن کے بعد روسی کوہ پیما ایلگزینڈرگوکوف کو ریسکیوکرلیا ۔

کوہ پیما20 ہزار 650 فٹ کی بلندی پر لاتوک پیک پر پھنسا ہوا تھا ، تین روز سے کھانے پینے کی اشیا بھی ختم ہوگئی تھیں، انتہائی خراب موسم کے باوجود ریسکیو آپریشن کے دوران برفانی بادلوں کے سبب روسی کوہ پیما کو تلاش کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔


بلاشبہ یہ بھی پاک فوج کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ اس نے انتہائی خراب موسمی حالات کے باوجود کوہ پیما کی جان بچانے کے لیے سرتوڑ کوششیں جاری رکھیں ، حالانکہ اس ریسکیو آپریشن کے دوران ان کی اپنی جانوں کو بھی شدید خطرات لاحق تھے ۔قدرت نے پاکستان کو اپنی فیاضیوں سے خوب نوازا ہے، ہر وہ نعمت جس کا ذکر اللہ تعالی نے سورہ رحمن میں کیا ہے، اس کی عملی تفسیر اس خطے میں موجود ہے، بالخصوص شمالی علاقہ جات میں ایسی خوبصورتی اور کشش پائی جاتی ہے کہ دنیا بھر کے سیاح یہاں کا رخ رکھتے ہیں ۔

کوہ پیمائی کا شوق انتہائی مشکل ، صبر آزما اور کٹھن ہے لیکن ایڈونچرکے شوقین کوہ پیماؤں کی اولین خواہش ہوتی ہے کہ وہ ضرور شمالی علاقہ جات میں کوہ پیمائی کریں۔ پاکستانی فوج کے سپہ سالار قمر جاوید باجوہ نے سی ایم ایچ میں زیر علاج روسی کوہ پیما کی عیادت کی۔

خبر کے مطابق روس نے اپنے کوہ پیما کو باحفاظت ریسکیو کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے اور پاکستان کی ان کاوشوں کو سراہا ہے ۔ بلاشبہ پاک فوج کے وہ جوان لائق تحسین ہیں جنھوں نے کئی روز تک خود کو خطرے میں ڈال کر ایک غیرملکی کوہ پیما کی جان بچانے کے لیے سرتوڑکوششیں کی ہیں ۔ اس سے ایک جانب تو پاکستان کی مہمان نوازی اور اقوام عالم میں عزت میں اضافہ ہوا ہے، اس واقعے کے بعد یقینا دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری بھی آئے گی ۔
Load Next Story