کراچی میں فائرنگ متحدہ کے 2 کارکن بھائیوں سمیت 8 افراد جاں بحق

منگھوپیرکادل آرام خان ذاتی دشمنی پر قتل،ا ورنگی ٹاؤن میں ولایت حسین ہلاک

محمد شعیب اور عدنان احمد فائرنگ سے جاں بحق فوٹو: فائل

شہرکے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ، جماعت اسلامی کا کارکن اور مچھلی کے بیوپاری سمیت 6افراد ہلاک اور3زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکس تھانے کی حدود مچھرکالونی وزیرمینشن ریلوے اسٹیشن کے قریب حاجی عمر کے بھینسوں کے باڑے کے قریب سے2افراد کی ہاتھ پاؤں بندھی لاشیں ملیں جنھیں ملزمان نے اغواکے بعد بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا بعدازاں فائرنگ کرکے ہلاک کردیاتھا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچایا جہاں ان کی شناخت25سالہ عدنان احمد اور اس کے چھوٹے بھائی محمدشعیب کے نام سے ان کے والد محمدحسین نے کی۔ محمدحسین نے ایکسپریس کو بتایاکہ وہ بلدیہ ٹاؤن نمبر6 کا رہائشی اور جناح اسپتال کے کارڈیو ویسکیولر میں ملازم ہے۔ انھوں نے بتایا کہ مقتول عدنان احمد بھی کارڈیوکا ملازم تھا جبکہ محمدشعیب گزشتہ ڈیڑھ سال سے جناح اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں عارضی ملازم تھا۔ مقتول عدنان کی 2ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔

انھوں نے بتایاکہ دونوں بھائی پیرکی شب اپنی ڈیوٹی ختم کرکے موٹرسائیکل پر ماڑی پورروڈ سے گھر آرہے تھے۔ مظاہرے کے باعث ٹریفک بلاک ہونے پر دونوں بھائی مچھرکالونی میں گھس گئے جہاں سے انھیں نامعلوم ملزمان نے اغوا کرلیا۔ مقتول متحدہ قومی موومنٹ بلدیہ ٹاؤن سیکٹریونٹ114 کے کارکن تھے۔ عدنان اور شعیب کی ہلاکت پر علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور ناردرن بائی پاس حب ریورروڈ پر دھرنا دے کر ٹریفک معطل کردیا۔ مشتعل افراد نے ٹائر بھی جلائے۔ مقتول بھائیوں کی تدفین میں رشتے داروں، علاقہ مکینوں اور متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنوں اور علاقائی عہدیداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکس پولیس نے مقتولین کے والد محمدحسین کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کی ایف آئی آر درج کرلی۔ منگھوپیر سلطان آباد میں فائرنگ سے55سالہ دل آرام خان ولد شیرخان ہلاک ہوگیا۔ مقتول کی لاش سول اسپتال پہنچائی گئی۔




پولیس کے مطابق مقتول سبزی فروش تھا اور اس کا تعلق سوات سے تھا۔ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے۔ بغدادی کے علاقے لیاری موسیٰ لین میں نامعلوم موٹر سائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے40سالہ یونس خان نیازی ولد گل خان نیازی اور اس کا کزن اصغرخان نیازی زخمی ہوگئے۔ انھیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال لے جایاگیا جہاں یونس زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔ ایس ایچ او بغدادی سب انسپکٹر عابدتنولی نے ایکسپریس کو بتایاکہ مقتول موسیٰ لین کا رہائشی اور مچھلی کا بیوپاری تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق یونس سے لیاری گینگ وار کے ملزمان نے5لاکھ روپے بھتے کا مطالبہ کیاتھا اور نہ دینے پر فائرنگ کردی۔ اورنگی ٹاؤن نمبرایک بلال مسجد کی دکانوں میں واقع جراح کی دکان پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی اندھادھند فائرنگ سے70سالہ جراح عبدالرزاق زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہیداسپتال لے جایاگیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

مقتول بلال مسجد کے سامنے والی گلی میں رہائش پزیر اور5بچوں کا باپ تھا۔ کھارادر کے علاقے کاغذی بازار حلیمہ بائی منزل کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے35سالہ ولایت حسین بھٹی ولد عنایت حسین بھٹی ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کچھ عرصہ قبل لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں رہائش پزیر تھا۔ کھارادر کے علاقے پاریہ اسٹریٹ مہران بیکری کے قریب دعااسٹیٹ ایجنسی کے سامنے نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے عرفان ولد محمدعمر اور محمدعدنان موسانی ولد محمدصدیق موسانی زخمی ہوگئے جنھیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایاگیا۔ پولیس کے مطابق عدنان کو 4 گولیاں لگی ہیں اور وہ موسیٰ لین کا رہائشی ہے جبکہ عدنان اسٹاک ایکسچینج میں کام کرتاہے جو عصر کی نماز پڑھنے آیا تھا۔ عدنان کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔

عوامی کالونی کے علاقے بنگالی پاڑہ میں موٹرسائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے گھر کے باہر کھڑے ہوئے 35سالہ سعود عرف عالم کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں جناح اسپتال لے جایاگیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑگیا۔ ایس ایچ او جاویدبروہی کے مطابق مقتول 2بچوں کا باپ اور مقامی فیکٹری میں ملازمت کرتاتھا جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ 73کا علاقائی عہدیدار بھی تھا۔ مقتول کو سر اور سینے پر 2گولیاں لگی تھیں۔ فائرنگ کے بعد علاقے میں کشیدگی اور خوف وہراس ہے جبکہ نامعلوم افراد نے دکانیں وکاروبار بند کرادیا۔ بغدادی کے علاقے نواب محبت خان جی روڈ پر واقع ہوٹل پر موٹرسائیکل سوار ملزمان نے اندھادھند فائرنگ کرکے 22سالہ مزمل ولد عبدالغنی کو ہلاک کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال لائی گئی۔

پولیس کا کہناہے کہ مقتول اپنے دوست کے ساتھ ہوٹل پر کھاناکھا رہاتھا کہ اس دوران موٹرسائیکل پر سوار ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی۔ ایس ایچ او عابدتنولی نے بتایاکہ مقتول شاہ ولی اﷲ روڈ کا رہائشی اور امپورٹ ایکسپورٹ کا کام کرتا تھا اور چندروز قبل ہی ساؤتھ افریقا سے آیاتھا۔ پولیس واقعے کو ذاتی دشمنی قرار دے رہی ہے۔ پاکستان بازار تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن 12نمبر میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے فہیم زخمی ہوگیا۔ اسے پیٹ پر 2گولیاں لگی ہیں۔ زخمی کو فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہیداسپتال لایا گیا۔ وہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے عزیزنگر کارہائشی ہے۔ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story