ایل پی جی پر پیداوار قیمت سے 445 فیصد زائد وصولی

گھریلوسلنڈرپر413روپے مارکیٹنگ وڈسٹری بیوشن مارجن،55روپے لیوی،17فیصد کی شرح سے227 روپے جی ایس ٹی عائد

پیداواری قیمت869.5، صارفین کیلیے1565روپے ہوگی،اوگرانوٹیفکیشن، جمعرات کو ایل پی جی7روپے کلومہنگی کی گئی۔فوٹو: سوشل میڈیا

ملک میں ایل پی جی کی فی کلوگرام قیمت میں یکدم 7 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے جس کے نتیجے میں گھریلوسلینڈر کی قیمت85 روہے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت327 روپے بڑھ گئی ہے۔

پاکستان ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے صدر علی حیدر نے بتایا کہ اگست 2018 کے لیے ایل پی جی کی سعودی آرامکوکنٹریکٹ پرائس میں25 ڈالر کا اضافہ ہوا لیکن مقامی طور پر پیدا ہونے والی ایل پی جی کی پیداواری لاگت پرمذکورہ اضافے کے اثرات مرتب نہیں ہوتے مگر اس حقیقت کے باوجود مقامی پروڈیوسرز نے کارٹل بناکر ماہانہ بنیادوں پر ایل پی جی کی قیمتوں میں بلاجواز اضافے کا تسلسل قائم کیا ہوا ہے، ان عوامل کے باعث ملک میں ایل پی جی صارفین میں سستے متبادل ایندھن کاتصور ختم ہوتا جارہا ہے۔

علی حیدر نے بتایا کہ دیگر ایندھن کے مقابلے میں ایل پی جی کی قیمت سب سے زائد ہونے کی وجہ سے اس کی فروخت کی شرح کم ہوتی جارہی ہے جبکہ جمعرات کو قیمتوں میں ہونے والے اضافے کے بعد ملک میں ایل پی جی کی فروخت مزید15 فیصد گھٹ جائے گی کیونکہ اب ایل پی جی اپنی زائد قیمتوں کے سبب غریب صارفین کی دسترس سے باہر ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے سے ملکی جنگلات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچنے کے خطرات پیدا ہوگئے ہیں، دور دراز پسماندہ اور پہاڑی علاقوں کے غریب صارفین کی جانب سے ایل پی جی کے بجائے جنگلات کی قیمتی لکڑیوں کے بطور ایندھن استعمال کا رحجان بڑھ جائے گا لہٰذا وفاقی وزارت پٹرولیم ان زمینی حقائق کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے مقامی طور پر پیدا ہونے والی ایل پی جی کی اضافہ شدہ قیمت کو واپس لینے کے احکام جاری کرے۔

دوسری طرف اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق ملک میں پیدا ہونے والی ایل پی جی کی فی ٹن پیداواری قیمت بڑھ کر73ہزار686 روپے کردی گئی ہے جس میں فی ٹن پر 35ہزار روپے مارکیٹنگ وڈسٹری بیوشن مارجن، 4ہزار669 روپے پٹرولیم لیوی اور17 فیصد شرح سے19 ہزار276 روپے جی ایس ٹی کی وصولی کے ساتھ1 لاکھ 32 ہزار625 روپے فی ٹن نئی قیمت عام صارفین کیلیے مقررکی گئی ہے۔

اس طرح حکومت گھریلو سلنڈر پر282 روپے کے ٹیکسز جبکہ مارکیٹنگ وڈسٹری بیوشن سیکٹر کو 413 روہے منافع دیا جارہا ہے جس کے نتیجے میں 869 روپے50 پیسے کی پیداواری لاگت میں پڑنے والا 11.8کلوگرام کا گھریلو سلنڈر صارفین کو 1565 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے یعنی ایک گھریلو سلنڈر پر مارکیٹنگ وڈسٹری بیوشن مارجن اور ٹیکسزکی مد میں 44.50 فیصد وصول کیے جارہے ہیں، حکومتی ٹیکسز میں 55.09 روپے پٹرولیم لیوی اور 17 فیصد کے حساب سے 227.39 روپے جی ایس ٹی شامل ہے ۔


ڈسٹری بیوٹرزنے ایل پی جی قیمتوں میں اضافہ مستردکردیا

چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان عرفان کھوکھر نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریب صارفین کے لیے بڑھتی ہوئی قیمتیں منظور نہیں، 75 فیصد لوکل گیس پیداوار کو بین الاقوامی قیمت پر فروخت کرنا غریب عوام کے ساتھ زیادتی ہے جبکہ سرکاری ایل پی جی پیداواری اداروں کی لوٹ مار پر حکومت بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

گزشتہ 4سال میں ایل پی جی کی مقامی پیداوار میں 54 فیصد اضافہ، پیداوار ماہانہ 34ہزار میٹرک ٹن سے 75ہزار میٹرک ٹن پر پہنچ گئی، جے جے وی ایل' ایل پی جی پیداواری پلانٹ کی بندش پر ہم احتجاج کرتے ہیں، بندش سے تقریباً 7سے 8 ہزار میٹرک ٹن ماہانہ کمی ہوئی ہے جس سے حکومت کو سالانہ اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے، کسی بھی قیمت پر پلانٹ چلا کر سپلائی بحال کی جائے۔

عرفان کھوکھرنے کہا کہ اگر ایل پی جی پالیسی 2016 کے مطابق ایل پی جی کی قیمت رکھی جائے اور تمام ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کو لوکل پیداوار تقسیم کر دی جائے اور اس میں 50فیصد امپورٹ شامل کی جائے تو قیمت میں 30فیصد فوری کمی ہو سکتی ہے اور عام صارفین کو گھریلو سلنڈر 1000روپے میں دستیاب کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے ایل پی جی پالیسی 2016 میں 895 روپے گھریلو سلنڈر فراہم کرنے کے لیے کیے گئے وعدوں پر لوکل پروڈیوسرز نے پانی پھیر تے ہوئے گزشتہ 6 ماہ میں ایل پی جی کی قیمت میں 76روپے فی کلو، 232.50 روپے گھریلو سلنڈر، 895 روپے کمرشل سلنڈر اور 19703.58روپے فی میٹرک ٹن کا اضافہ کر دیا ہے۔

عرفان کھوکھر نے کہا کہ قیمتیں بڑھنے سے غریب عوام پر بوجھ بڑھ گیا، سگنیچر اور پریمیم بونس کے نام پر جگا ٹیکس ختم کرنے پر ہم اوگرا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور وزارت پٹرولیم کی طرف سے ایل پی جی پرائس کمیٹی کا اجلاس فوری طور پر طلب کیے جانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایل پی جی پروڈیوسرز کو لگام ڈالی جائے ورنہ ملک گیر احتجاج کریں گے، ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کا مارجن علیحدہ سے بتایا جائے۔
Load Next Story