سائنسی بنیادوں پر پچز کی تیاری کیلیے مہم شروع

5شہروں میں ڈپٹی اور اسسٹنٹ کیوریٹرز کی بھرتی کیلیے اشتہارجاری کردیا گیا

ایگریکلچر میں ڈگری اور ڈپلومہ ہولڈرزکے ساتھ سابق کرکٹرزدرخواست دینے کے اہل۔ فوٹو:فائل

پی سی بی نے پچز کی تیاری کے کام کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرنے کی مہم شروع کر دی۔

پاکستان کرکٹ میں ناقص پچز کے حوالے سے شکایات عام ہیں، پی سی بی نے ان مسائل کو دیکھتے ہوئے ٹرف اور میدانوں کی تیاری کے حوالے سے عمل کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرنے کیلیے کوشش شروع کر دی، 5،5 ڈپٹی اور اسسٹنٹ کیوریٹرز کی تقرری کیلیے اشتہار بھی جاری کرتے ہوئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔

کراچی، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی اور ایبٹ آباد میں ڈپٹی کیوریٹر کی آسامیوں کیلیے تعلیمی قابلیت ایگریکلچر میں بی ایس سی یا ایم ایس سی آنرز رکھی گئی ہے، سوئل سائنس اور اگرانومی میں خصوصی قابلیت رکھنے والوں کو ترجیح دی جائے گی، تقرری پانے والے پچز کی تیاری، اپ گریڈیشن، مرمت، میدان کی حالت بہتر رکھنے کے ذمہ دار ہوں گے۔


مزید بتایا گیا ہے کہ سوئل، پانی، گھاس، فرٹیلائزر اور کیڑے مار ادویات کا علم اور تجربہ ہونا لازمی ہے، امیدواروں کو کمپیوٹر میںمہارت، ایم ایس آفس کے استعمال اور رپورٹ تیار کرنے کا تجربہ ہونا چاہیے، ٹیسٹ/ون ڈے/ فرسٹ کلاس کرکٹ کا تجربہ رکھنے والے سابق کرکٹرز بھی درخواست دے سکتے ہیں۔ انہی پانچوں مراکز کیلیے اسسٹنٹ کیوریٹرکے امیدواروں سے بھی درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔

ایگری کلچر میں 3 سالہ ڈپلومہ لازمی قرار دیا گیا ہے، مختلف امور میں کیوریٹرز کی معاونت ان کی ذمہ داری ہو گی، سوئل، گراس، کھادوں اور کیڑے مار ادویات کے ساتھ متعلقہ سازوسامان کے استعمال میں بھی انھیں مہارت ہونی چاہیے۔ درخواستیں 10 اگست تک جنرل منیجر ایچ آر اینڈ ایڈمنسٹریشن کو پی سی بی ہیڈ کوارٹرز میں جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پی سی بی کیلیے کام کرنے والے چند کیوریٹر واجبی تعلیم رکھتے اور زیادہ تر اپنے تجربے پر ہی انحصار کرتے ہیں۔
Load Next Story