ہارون رشید تبدیلی کی ’’توپ‘‘ سے بچ نکلنے کیلیے کوشاں

ہیڈکوارٹرزمیں متوقع اکھاڑپچھاڑکے پیش نظرکراچی میں محفوظ پناہ گاہ تلاش کرلی

بغیراشتہاراسامی پُر کرنے پر شہر قائد کے کرکٹ حلقوں میں تشویش کی لہردوڑ گئی۔ فوٹو: فائل

پی سی بی کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ہارون رشید تبدیلی کی ''توپ'' سے بچ نکلنے کیلیے کوشاں ہیں۔

عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی کے بعد کھیلوں کی تنظیموں میں بھی تبدیلی کا نقارہ بج چکا،کئی عہدیدار محفوظ پناہ گاہوں کی تلاش میں ہیں،اسی کوشش میں پی سی بی کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ہارون رشید نے پورے ملک میں کھیل کے معاملات دیکھنے کے بجائے کراچی میں ڈیرے ڈالنے کی منصوبہ بندی کرلی۔


سابق ٹیسٹ کرکٹر کو پی سی بی میں ممکنہ اکھاڑ پچھاڑ سے دور آبائی شہر میں کھپانے کیلیے ہائی پرفارمنس سینٹر میں ڈائریکٹر ساؤتھ کی نئی پوسٹ متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا۔ ان کا خلا پُر کرنے کیلیے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز کے امیدواروں کی بھی لائن لگ چکی، پی سی بی کی کسی بھی اسامی کو پُر کرنے کیلیے اخبار میں اشتہار دینے کا طریقہ کار ہے، اگرچہ کئی عہدیداروں کا انتخاب پہلے ہی کرلیا جاتا اور یہ محض رسمی کارروائی ہوتی ہے تاہم اس بار یہ بھی ضروری خیال نہیں کیا گیا۔

اس صورتحال پر کراچی کے کرکٹ حلقوں میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے،ان کا کہنا ہے کہ طریقہ کار کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے منظور نظر سابق ٹیسٹ کرکٹر کو لاکر ہائی پرفارمنس سینٹر میں بٹھانا نا انصافی ہوگی۔
Load Next Story