سیمنٹ انڈسٹری کی شرح نمو جولائی میں 510 فیصد ریکارڈ

مقامی فروخت اور برآمدات دونوں میں اضافہ، مجموعی کھپت 3.554 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی

مقامی فروخت اور برآمدات دونوں میں اضافہ، مجموعی کھپت 3.554 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی۔ فوٹو: فائل

رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی میں بھی سیمنٹ انڈسٹری میں شرح نمو کا رجحان برقرار رہا جبکہ گزشتہ مالی سال جو 30 جون 2018 کو ختم ہوا انڈسٹری کے لیے کامیاب ترین سال ثابت ہوا تھا۔ انتخابات کی سرگرمیوں کے باوجود جولائی میں شرح نمو 5.10 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

نئے مالی سال کے آغاز پر مقامی فروخت اور برآمدات دونوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جولائی 2018 میں مجموعی کھپت 3.554 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 5.10 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال جولائی 2017 میں مجموعی کھپت 3.382 ملین ٹن تھی۔

عام طور سے انتخابی سرگرمیوں کی وجہ سے معاشی اور تعمیراتی سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں اور ملازمین ووٹ ڈالنے کے لیے اپنے آبائی حلقوں میں جاتے ہیں، تاہم اس کے باوجود شرح نمو میں اضافہ متاثر نہیں ہوا جو اس بات کا مظہر ہے کہ سیمنٹ اور تعمیری صنعت ترقی کی جانب رواں دواں ہے اور مستقبل میں بھی یہ رجحان برقرار رہنے کی امید ہے۔


جولائی 2018 میں برآمدات میں 9.25 فیصد اضافہ ہوا جو جولائی 2017 میں 0.476 ملین ٹن تھی اور گزشتہ ماہ 0.520 ملین ٹن رہیں۔ اسی طرح مقامی کھپت میں 4.42 فیصد اضافہ ہوا جو گزشتہ سال 2.906 ملین ٹن تھی اور رواں مالی سال جولائی 2018 میں 3.035 ملین ٹن ہوگئیں۔

برآمدات میں ہونے والا اضافہ اگرچہ مسلسل نوعیت کا ہے تاہم اس کا حجم کم ہے۔ اسی طرح مقامی کھپت میں اضافہ اگرچہ کم ہے لیکن مقدار حجم فروخت کے لحاظ سے زیادہ ہے۔برآمدات میں اضافہ اس لیے بھی خوش آئند ہے کیونکہ 2008 تا 2017 کے دوران مسلسل کمی واقع ہورہی تھی۔ برآمدات میں کچھ مہینے قبل اضافہ ہونا شروع اور یہ تسلسل جولائی 2018 تک برقرار ہے۔

بحری راستے برآمدات میں ہونے والا اضافہ 133.71 فیصد ہے جو سال 2017 جولائی میں 0.144 ملین ٹن تھا اور اب بڑھ کر جولائی 2018 میں 0.336 ملین ٹن ہوگیا لیکن یہ اضافہ افغانستان اور بھارت سیمنٹ کی برآمدات میں کمی کی وجہ سے زیادہ کارآمد ثابت نہیں ہوا اور ان ملکوں کو برآمدات میں کمی اسی عرصے کے دوران بالترتیب 44.88 فیصد اور 44.43 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اس طرح گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں مالی سال جولائی 2018 میں برآمدات میں مجموعی طور پر 9.25 فیصد اضافہ ہوا۔

اے پی سی ایم اے کے ترجمان نے کہا کہ نئی حکومت کے انتظام سنبھالنے کے بعد امید ہے کہ حکومت کی معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور سیمنٹ کی طلب میں بھی اضافہ ہوگا۔ ہم نئی حکومت کے پالیسی سازوں سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ پالیسی میں ضروری تبدیلیاں کریں گے جن کا مطالبہ دیرنہ عرصے سے سیمنٹ انڈسٹری کررہی ہے اور ساتھ ہی پڑوسی ملکوں کو سیمنٹ کی برآمدات بڑھانے کیلیے بھی معاون اقدامات کیے جائیں گے۔
Load Next Story