آئی سی سی سالانہ ایورارڈز پاکستانی اسپنر سعید اجمل3کیٹیگریز میں نامزد

کرکٹر آف دی ایئر،ٹیسٹ اور ون ڈے کے بہترین کھلاڑی کیلیے مقابلہ ہوگا۔

کرکٹر آف دی ایئر، ٹیسٹ اور ون ڈے کے بہترین کھلاڑی کیلیے مقابلہ ہوگا،شاہد آفریدی، جنید خان اور محمد حفیظ بھی دوڑ میں شامل۔ فوٹو:اے ایف پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سالانہ ایوارڈز کیلیے نامزد کھلاڑیوں کا اعلان کردیا، اسٹار اسپنر سعید اجمل تین کیٹیگریز میں شامل ہونے والے 6 کرکٹرز میں شامل ہیں، وہ کرکٹر آف دی ایئر، ٹیسٹ اور ون ڈے کے بہترین کھلاڑی کیلیے مقابلہ کریں گے، شاہد خان آفریدی ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کیلیے قسمت آزمائیں گے، جنید خان ایمرجنگ پلیئرز کی فہرست میں موجود ہیں، ٹی 20 قائد محمد حفیظ کو اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ کیلیے نامزد کیا گیا ہے، پہلی مرتبہ کرکٹر آف دی ایئر کی فہرست میں خاتون پلیئر اسٹیفنی ٹیلر بھی شامل ہیں۔

پاکستان کے علیم ڈار ایک بار پھر امپائر آف دی ایئر ایوارڈ کے مضبوط امیدوار ہوںگے، ایوارڈز تقریب ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل 15 ستمبر کو سری لنکا میں ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے سالانہ ایوارڈز برائے 2012 کیلیے نامزد کھلاڑیوں کے ابتدائی فہرست جاری کردی ہے جس میں 6 کرکٹرز کو تین کیٹیگریز کیلیے منتخب کیا گیا ہے، ان میں پاکستان کے اسٹار آف اسپنر سعید اجمل بھی شامل ہیں دیگر کھلاڑیوں میں جنوبی افریقہ کے ہاشم آملا، آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک، سری لنکا کے کمار سنگاکارا، انگلینڈ کے الیسٹرکک اور ویسٹ انڈیز کی خاتون کرکٹر اسٹیفنی ٹیلر شامل ہیں۔

یہ تمام 6 کھلاڑی آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر (سر گیری سوبرز ٹرافی) کے امیدواروں میں شامل ہیں پہلی مرتبہ کسی خاتون کرکٹر کو اس کیٹیگری کیلیے نامزد کیا گیا ہے، اسٹیفنی اس کے علاوہ ویمنز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر اور ویمنز ٹوئنٹی 20 کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ کیلیے بھی فہرست میں شامل ہیں جبکہ باقی پانچ مرد کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر اور ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کیلیے بھی نامزد کیا گیا ہے۔


رواں برس آئی سی سی ایوارڈز تقریب میں 11 انفرادی ایوارڈز کے ساتھ ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیمز آف دی ایئر کو بھی سلیکٹ کیا جائے گا۔ آئی سی سی پیپلز چوائس ایوارڈ کیلیے نامزد کھلاڑیوں کا پہلا ہی اعلان کرچکا جن میں سنگاکارا، سچن ٹنڈولکر، ورنون فلینڈر، جیک کیلس اور جیمز اینڈرسن بھی شامل ہیں، تاہم نامزدپلیئرز کو شارٹ لسٹ کیا جائیگا، چیئرمین آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کلائیو لائیڈ کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی سلیکشن پینل نے کھلاڑیوں کو نامزد کیا، انفرادی ایوارڈز کا فیصلہ 32 رکنی ووٹنگ اکیڈمی کرے گی، جس میں سابق کرکٹرز اور صحافی بھی شامل ہیں۔

آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر کیلیے منتخب ہونے والے پلیئرز میں سعید اجمل، ہاشم آملا، اسٹورٹ براڈ، مائیکل کلارک، ویرت کوہلی، ورنون فلینڈر، کمارسنگاکارا اور اسٹیفنی ٹیلر موجود ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کیلیے سعید اجمل، ہاشم آملا، اسٹورٹ براڈ، شیونرائن چندرپال، مائیکل کلارک، الیسٹرکک، جیک کیلس، فلینڈر، میٹ پرائر، مارلن سیموئلز، سنگاکارا، ڈیل اسٹین اورابراہم ڈی ویلیئرز کو نامزد کیا گیا ہے۔ مینز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کیلیے آفریدی، سعید، کلارک، کک، دھونی، فن، گمبھیر، کوہلی، شکیب ، برینڈن میک کولم، مالنگا، مورن مورکل، سنیل نارائن، سنگاکارا، برینڈن ٹیلر اور شین واٹسن کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

ایمرجنگ پلیئرز کی فہرست میں پاکستان کے جنید خان شامل ہیں۔ ٹوئنٹی 20 پرفارمنس آف دی ایئر میں محمد حفیظ کا نام شامل ہے، حفیظ کو اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ کیلیے بھی نامزد کیا گیاہے،علیم ڈار مسلسل چوتھی بار امپائر آف دی ایئر ایوارڈ کیلیے مضبوط امیدوار ہیں۔
Load Next Story