فکسنگ تانے بانے ’’انڈر ورلڈ‘‘ سے ملائے جانے لگے

کرکٹرز کو یو اے ای سے بذریعہ ’’حوالہ‘‘ ادائیگی، زیادہ تررقم امریکی ڈالرزمیںدی گئی

شری شانتھ نے سٹے بازوں سے رابطے کیلیے واٹس ایپ اور بی بی میسنجر استعمال کیے۔ فوٹو: فائل

بھارتی میچ فکسنگ کیس کے تانے بانے ''انڈر ورلڈ'' سے ملائے جا رہے ہیں، میڈیا رپورٹس میں الزام لگایا گیا کہ ممبئی اور دہلی سے کراچی و دبئی فون کالز کے ذریعے اسپاٹ فکسنگ ہوئی۔

کرکٹرز کو یو اے ای سے بذریعہ ''حوالہ'' ادائیگی ہوئی، زیادہ تر رقم امریکی ڈالرز میں دی گئی،اسپیشل سیل نے اس آپریشن کے دوران تقریباً70 فونز کو ٹیپ کیا، شری شانتھ کیلیے ''جاگو انڈیا'' ویڈیو البم بنانے والے قریبی دوست جیجو اور چندریش عرف جوپیٹر ایک انڈر ورلڈ ڈان کیلیے کام کرتے اور انھوں نے6 اور 7 مئی کو پلیئرز سے گڑ گاؤں میں ملاقات کی تھی، پولیس نے بتایا کہ چنڈیلا کو گجرات کے بکیز سے ملنے کیلیے شری شانتھ نے ایک شاپنگ مال پر بھیجا، 45 منٹ کی اس میٹنگ کا ثبوت پولیس کے پاس موجود ہے۔




شری شانتھ نے سٹے بازوں سے رابطے کیلیے واٹس ایپ اور بلیک بیری میسنجر کا استعمال کیا، انھوں نے اپنے فون سے کبھی کوئی کال یا میسج نہیں کیا، چنڈیلا اور چھاون کو فکسنگ میں پیسر ہی لے کر آئے، چندریش فونز لائنز کے ذریعے جے پور، دہلی اور دبئی سے شرطیں وصول کرتا، گذشتہ دو ماہ سے اس کے فونز ٹیپ کیے جا رہے تھے۔ دہلی پولیس نے ایک انڈر ورلڈ ڈان کے رکن منوج میٹرو کی چندریش سے بات چیت ریکارڈ کی جس میں کم ازکم 3 بھارتی اور 2 غیرملکی کرکٹرز کے نام واضح طور پر سنے جا سکتے ہیں، جیجو جناردھن کوچی، دہلی اور دبئی میں شرطوں کا کام کرتا تھا۔ دریں اثنا دہلی پولیس کمشنر نیرج کمار نے کہا کہ داؤد ابراہم ، ٹائیگر میمن یا کسی اور انڈر ورلڈ ڈان کا اس کیس میں نام لینا مشکل ہے کیونکہ ہمارے پاس کوئی پختہ ثبوت موجود نہیں۔
Load Next Story