مبینہ انتخابی دھاندلی جی ڈی اے کا 14 اگست کے بعد بھرپور احتجاج کا فیصلہ

سندھ کے عوام نے پیپلز پارٹی کوووٹ نہیں دیے بلکہ زبردستی عوامی منڈیٹ چراکر اسے کامیاب کرایا گیا ہے،جی ڈی اے کا الزام

بادشاہ سلامت کے کہنے پر نتائج تبدیل کیے گئے،ایازپلیجو،بھرپورجدوجہد کرینگے،غوث علی شاہ۔ فوٹو: ایکسپریس

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے انتخابی نتائج کوایک مرتبہ پھر رد کردیا جب کہ یوم آزادی کے بعددھاندلی کے خلاف ہڑتال، دھرنے اور سخت ترین احتجاجی پروگرام کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

جی ڈی اے کا اجلاس پیر کی شام اتحاد کے سربراہ پیر پگارا کی زیرصدارت نیشنل پیپلز پارٹی کے غلام مرتضیٰ خان جتوئی کی قیام گاہ پرہوا جس میں حالیہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف آئندہ کے احتجاجی لائحہ عمل اورملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں اتحاد میں شامل جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

بعد ازاں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے جی ڈی اے کے سکریٹری جنرل ایازلطیف پلیجو نے کہا کہ جی ڈی اے نے 25 جولائی کوہونے والے انتخابات کو ایک بار پھر مسترد کردیاہے۔ان انتخابات میں سندھ کے لوگوں کے عوامی منڈیٹ کو چرالیا گیا، عوام نے ہمیں ووٹ دیے لیکن پیپلزپارٹی کے لوگوں کو کامیابی دلانے کے لیے دھاندلی کی گئی اور زبردستی پیپلزپارٹی کو سندھ کے عوام پر مسلط کیا گیا ہے۔

ایاز پلیجونے سوال کیا کہ سندھ کے لوگوں کے لیے پیپلزپارٹی اتنی چہیتی کیسے ہوگئی کہ لوگوں نے ووٹ نہیں دیے لیکن اس کے باوجود اس نے پہلے سے زیادہ نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی ۔


ایاز لطیف پلیجو نے الزم لگایاکہ بادشاہ سلامت کے کہنے پر جی ڈی اے کے رہنمائوں کے انتخابی نتائج تبدیل کیے گئے، ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ سندھ میں شفاف الیکشن کے انعقاد تک احتجاج جاری رکھیں گے ۔انھوں نے کہا کہ ہمیں پی ٹی آئی کی نئی حکومت سے بڑی توقعات وابستہ ہیں، عمران خان کو چاہیے کہ وہ سندھ کے دیہی علاقوں کے لیے وفاقی پیکیج کا علان کریں آبادگاروں کو بھی خصوصی پیکیج دیا جائے۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ جی ڈی اے نے الیکشن سے پہلے ہی تعاون کا اعلان کردیا تھا۔

جی ڈی اے نے وفاق سے بات کرنے اور فیصلہ سازی کا مینڈیٹ پیرپگارا کو دیا ہے،ایاز لطیف پلیجونے اس بات کی مذمت کی کہ سندھ میں جی ڈے ای کے لوگوں پر جھوٹے مقدمات درج کیے جارہے ہیں،انھوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ کو کرپشن سے نجات دلائی جائے۔انھوں نے کہا کہ 14 اگست کے بعد ہڑتال سمیت دیگر لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

اس موقع پر سندھ کے سابق وزیر اعلیٰ اور جی ڈی اے کے رکن سید غوث علی شاہ نے کہا کہ گند زدہ الیکشن کو صاف کرنے کے لیے بھر پور جدوجہد کی جائے گی۔اس موقع پر پیر صدر الدین شاہ راشدی نے کہا کہ سندھ کے غریب ووٹرز نے ہمیں ووٹ دیے تھے اورعوام نے الیکشن میں بھرپور حصہ لیا تھا لیکن نتائج تبدیل کردیے گئے۔انھوں نے کہا کہ ہم حوصلہ نہیں ہارے ہیں اورصوبے کے عوام کومایوس نہیں کرینگے ۔

 
Load Next Story