دوبارہ گنتی پرتیار ہوںسلمان کے حلقے میں بھی کرائیں سعد رفیق

30,31حلقوں میں دھاندلی کے ثبوت مل رہے ہیں،ری پولنگ چاہتے ہیں، اعجازچوہدری

مینڈیٹ مانناچاہیے،عبدالرشید گوڈیل،دوبارہ گنتی سے فتح ملی،صدیق خان،کل تک میں گفتگو فوٹو : فائل

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہم نے پی ٹی آئی کامینڈیٹ تسلیم کیا ہے ورنہ ہم فضل الرحمن کے ساتھ ملکر خیبر پختونخوا میں حکومت بنا سکتے تھے مگر ہم جوڑتوڑ کی سیاست نہیں کرنا چاہتے۔

انھوں نے ایکسپریس نیو زکے پروگرام کل تک میں میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو میں کہاکہ میںاین اے 125 میں انگوٹھے کے نشان کے ساتھ دوبارہ گنتی کرانے کو تیار ہوں تاہم این اے 126 جہاں شفقت محمود 8 ہزار ووٹ سے جیتے اور میرا بھائی ہار گیا،وہاں بھی دوبارہ گنتی کرائی جائے ۔سعدرفیق کاکہناتھاکہ پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے کہ وہ4 حلقوں میں دوبارہ گنتی چاہتے ہیں تو ہم بھی چار ہی حلقوں میں دوبارہ گنتی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ہم ان کا مطالبہ مان لیتے ہیں یہ ہمارا مان لیں،ہم نے تو حنیف عباسی کے حلقے میں دھرنا نہیں دیا۔جاوید چوہدری کا جعلی کالم فیس بک پر پھینک دیا گیا۔




تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ جمہوریت اورسسٹم آگے چلایا جائے،عوام کو یقین آنا چاہیے کہ ان کے مینڈیٹ پر ڈاکہ نہیں پڑا۔30,31حلقے ایسے ہیں ،جہاں دھاندلی کے ثبوت مل رہے ہیں ،ہم چاہتے ہیں سارے کراچی میں ری پولنگ ہوتاکہ عوام کا انتخابی نتائج پر یقین ہوجائے۔ پی ٹی آئی نے این اے 125 میں دوبارہ گنتی کی درخواست دی ہے۔پی ٹی آئی کے دھرنوں سے حالات خراب نہیں ہوئے بلکہ دھرنے عوام خود دے رہے ہیں،ہم نے ان سے منتشر ہونے کا کہا لیکن وہ نہیں ہٹے ۔

ایم کیو ایم کے رہنماعبدالرشید گوڈیل نے کہا کہ ہمیں تمام جماعتوں کا مینڈیٹ تسلیم کرنا چاہیے ،ہم پنجاب میں نوازشریف اور کے پی کے میں عمران خان کامینڈیٹ مانتے ہیں، ہم نے کراچی میں دھرنا ختم کردیا ،اب الیکشن کمشن جو فیصلہ کریگاوہ دیکھیں گے۔71 ء میں بھی ایسے ہی حالات تھے جب انتخابی نتائج تسلیم نہیں کئے گئے اور پھر حالات تبدیل ہوگئے ۔تحریک انصاف کے رہنما اور ٹیکسلا سے چوہدری نثار علی خان کے مقابلے میں دوبارہ گنتی کی بدولت الیکشن جیتنے والے صدیق خان نے کہاکہ صرف6حلقوں سے دوبارہ گنتی کی بدولت میری ہار ،فتح میں تبدیل ہوگئی ۔صبح چار بجے تک کئی پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج نہیں آئے تو ہم نے الیکشن کمیشن کودرخواست دی۔اس نے پولیس کی مدد سے عملے سے نتائج حاصل کیے۔
Load Next Story