اسکول فیس میں 6 فیصد سے زائد اضافہ نہ کرنے کا حکم

اسکولوں نے 10 سے 13 فیصد فیس بڑھا دی،داخلہ فیس ایک لاکھ کردی ،فیس نہیں دے سکتے،اسکول مالکان سے بازپرس کی جائے، والدین

پرانے اسٹریکچر کے تحت فیس وصول کرنے کی ہدایت، سیکریٹری تعلیم، نجی اسکولزمالکان اور دیگر کو 7 ستمبر تک نوٹس جاری ، جواب طلب ۔ فوٹو: فائل

سندھ ہائی کورٹ نے 2 نجی اسکولوں کو فیسوں میں 5 فیصد سے زائد اضافہ نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے سیکریٹری تعلیم، نجی اسکولز و دیگر کو نوٹس جاری کردیے۔


جسٹس عقیل عباسی کی سربراہی میں 2رکنی بینچ کے روبرو دو نجی اسکولوں ہیڈ اسٹارٹ اسکولنگ سسٹم اور فاؤنڈیشن پبلک اسکول کی فیسوں میں خلاف ضابطہ اضافے سے متعلق والدین کی درخواست کی سماعت ہوئی، درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نجی اسکولوں نے خلاف ضابطہ 10 سے 13 فیصد فیس بڑھا دی ہے، اسکولز میں داخلہ فیس ایک لاکھ کردی گئی ہے، محدود آمدنی کے باعث فیس نہیں دے سکتے، غیر قانونی فیس بڑھانے سے روکا جائے۔

عدالت نے عدالتی حکم کے مطابق پرانے اسٹریکچر کے تحت فیس وصول کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے نجی اسکولز کو فیسوں میں 5 فیصد سے زائد اضافہ کرنے سے روک دیا، عدالت نے سیکریٹری تعلیم، نجی اسکولز و دیگر کو 7 ستمبر تک نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
Load Next Story