ایم پی اے عمران شاہ کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہونے لگا

24 گھنٹے گزرنے کے باوجود پارٹی کے شوکاز نوٹس کا جواب نہیں دیا، دہری شہریت سامنے آ گئی

سوتیلی والدہ نے تشدد اور ملکیت پر قبضے کا الزام لگاتے ہوئے عمران خان سے مدد کی اپیل کردی (فوٹو: سوشل میڈیا)

تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی عمران علی شاہ کی مشکلا ت میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

گزشتہ 2دنوں سے متنازع خبروں کا شکار ایم پی اے عمران علی شاہ مزید مشکلات کا شکار ہوگئے تھپڑکے معاملے پر تو انھوں نے دائودچوہان کے گھر جا کر معافی مانگ لی لیکن 24گھنٹے گزرنے کے باوجود عمران علی شاہ نے اظہار وجوہ کے نوٹس کا جواب نہیں دیا۔ ذرائع نے بتایاکہ ایف آئی اے کے ریکارڈ مطابق عمران علی شاہ تاحال دہری شہریت کے حامل ہیں، انھوں نے آخری سفر برطانوی شہری کی حیثیت سے21مئی 2018 کو کیا۔

وڈیو بیان میں عمران علی شاہ کا کہناہے کہ وہ برطانوی شہریت سے دست بردار ہوگئے اس کی تمام دستاویزات میر ے پاس ہیں اب میرے پاس صرف پا کستانی شہریت ہے۔ سوتیلی والدہ ریحانہ شاہ نے عمران علی شاہ کے خلاف سنگین الزامات لگا دیے، ریحانہ شاہ نے ایک وڈیو پیغام جاری کیاہے جس کے مطابق عمران علی شاہ نے ان کو تشدد کا نشانہ بنایا جائیداد پر قبضہ کرلیا اور ابھی بھی سنگین نتائج کی دھکمیاں دی جارہی ہیں۔


ریحانہ شاہ نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے مددکی اپیل کردی اورکہاکہ تمام ثبوت و شواہد موجود ہیں جس میں ان کا کہناہے کہ عمران علی شاہ اور جنیدعلی شاہ کے والد ڈاکٹر محمد علی شاہ سے 1989میں شادی ہوئی تھی اس وقت عمران اور جنید چھوٹے تھے۔ ریحانہ شاہ نے کہاکہ میں آرتھو پیڈک سرجن اور 20گریڈ میں عباسی شہید اسپتال میں تعینات ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے شوہر محمد علی شاہ کے نجی اسپتال (اے او کلینک)میں تھی وہاں عمران علی شاہ اپنے گا رڈز کے ہمر اہ آئے اور انھوں نے مجھ پربہیمانہ تشدد کیا، میرے شوہر کی پاکستان، امریکا اور دبئی میں جائیدادیں ہے ان پر جنید علی شاہ اور عمران علی شاہ نے قبضہ کرلیا ہے، عدالت میں جعلی سکسیشن سرٹیفیکٹ جمع کر ایا گیا جس میں بتا یاگیاکہ محمدعلی شاہ کی صرف 2 اولادیں ہیں یہ جھوٹا حلف نامہ عمران علی شاہ نے جمع کرایا ہے میرا ایک بیٹا مصطفی علی شاہ ہے جس کے والد محمد علی شاہ ہیں جائیداد میں ہمارا بھی حصہ ہے۔

ریحانہ شاہ نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے مدد کی اپیل کی ہے کہ آپ پر بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے نئے پاکستان میں ہمارے ساتھ جو ظلم ہوا ہے اس پر عمران علی شاہ کے خلاف کارروائی ہو اور ہم کو انصاف فر اہم کیاجائے۔ریحانہ شاہ نے عمران علی شاہ پر الزام عائد کیا کہ مجھ کو اب بھی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

 
Load Next Story