سری لنکن لیگ سے مال بنانے کیلیے بھارتی مافیا سرگرم

مشکوک ہندی ریکارڈنگ میں ایک فرنچائز کے مالک کی آواز شامل ہونے کا انکشاف

مشکوک ہندی ریکارڈنگ میں ایک فرنچائز کے مالک کی آواز شامل ہونے کا انکشاف (فوٹو : فائل)

سری لنکن پریمیئر لیگ سے مال بنانے کیلیے بھارتی مافیا سرگرم ہوگئی، مشکوک ریکارڈنگ میں ایک فرنچائز کے مالک کی آواز شامل ہونے کا انکشاف ہوا ہے، مبینہ طور پر میچ فکسنگ کرنے کی منصوبہ بندی تیار کی جارہی تھی، ادھر آرگنائزرز کا کہنا ہے کہ الزامات سے ٹورنامنٹ کی ساکھ متاثر نہیں ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کو بدنام کرنے کے بعد بھارتی سٹہ مافیا سری لنکا پریمیئر لیگ کو بھی داغدار کرنے کیلیے متحرک ہے، اس کا انکشاف گذشتہ دنوں سامنے آنے والی مشکوک ریکارڈنگ کی مزید تفصیلات سامنے آنے سے ہوا، یہ ٹیپ لیگ سے جڑے سے ایک شخص نے سری لنکن اخبار کو دی تاہم اس نے حقیقت پر شک کی بنا پر اسٹوری کو شائع نہیں کیا، اخبار کا کہنا ہے کہ ہمیں ایونٹ سے قبل ایک ٹیپ موصول ہوئی جس میں دو افراد ہندی میں بات کررہے تھے، ہم نے اس کا مطلب جاننے کیلیے ایک مترجم کی خدمات حاصل کیں جس نے بتایا کہ اس میں سری لنکا پریمیئر لیگ کے میچ فکسنگ کرنے سے متعلق بات ہورہی ہے، ٹیپ فراہم کرنے والے شخص نے دعویٰ کیا کہ اس ریکارڈنگ میں ایک آواز فرنچائز کے مالک کی ہے۔


اخبار کا کہنا ہے کہ ہم نے لیگ کی آرگنائزنگ کمپنی سمرسٹ انٹرٹینمنٹ اور کرکٹ بورڈ آفیشلز کو بلاکر ٹیپ ان کے سامنے چلائی ، آرگنائزنگ کمپنی کا آفیشل ہندی جانتا تھا اس نے تصدیق کی کہ بات میچ فکس کرنے کی ہی ہورہی ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ آواز نہیں پہچان پائے ہیں، بعد میں یہ ٹیپ سری لنکا میں ہی موجود آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے دو آفیشلز کے سپرد کردی گئی۔ یاد رہے کہ سری لنکا پریمیئر لیگ کی کئی ٹیمیں بھارتی کمپنیوں نے خریدی ہیں۔

ادھر سمرسٹ انٹرٹینمنٹ کے چیف ایگزیکٹیو سندیپ بھامیر کا کہنا ہے کہ الزامات سے ایونٹ کی ساکھ متاثر نہیں ہوگی، مشکوک ٹیپ کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔ واضح رہے کہ ایونٹ کے لیے ابھی تک سری لنکن عوام میں جوش وخروش پیدا نہیں ہوا،ابتدائی تین روز شائقین کی بہت کم تعداد نے اسٹیڈیمز کا رخ کیا۔
Load Next Story