کلدیپ نیئر پاک بھارت دوستی کی خواہش رکھنے والی شمع بجھ گئی

کلدیپ نیئر ایک عہد تھا جو نہ رہا‘ وہ بدھ کی رات انتقال کر گئے ان کی عمر 95برس تھی۔

کلدیپ نیئر ایک عہد تھا جو نہ رہا‘ وہ بدھ کی رات انتقال کر گئے ان کی عمر 95برس تھی۔ فوٹو : فائل

معروف صحافی کلدیپ نیئرکی وفات پر امن و آشتی کا ایک خوبصورت عہد تمام ہو گیا' وہ ہر سال پاک بھارت یوم آزادی کے موقع پر شہری اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے لوگوں کے ساتھ واہگہ اٹاری بارڈر جاتے جہاں امن کے پیغام کے طور پر شمعیں روشن کی جاتیں اور ایک ''کینڈل لائٹ'' ریلی نکالی جاتی' اب اس ریلی میں شامل شمعوں میں سے پاک بھارت دوستی کی خواہش رکھنے والی ایک شمع کی لو ہمیشہ کے لیے بجھ گئی۔

کلدیپ نیئر ایک عہد تھا جو نہ رہا' وہ بدھ کی رات انتقال کر گئے ان کی عمر 95برس تھی۔ وہ 14اگست 1923ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے' انھوں نے لاہور سے قانون کی ڈگری حاصل کی' بعدازاں تقسیم کے بعد وہ بھارت چلے گئے۔ وہ بہترین صحافی ہونے کے ساتھ ساتھ مصنف اور سماجی کارکن بھی تھے انھوں نے 15کتابیں لکھیں جن میں ''انڈیا آفٹر نہرو'' اور ''ایمرجنگ ری ٹولڈ'' شامل ہیں۔


دائیں بازو سے تعلق رکھنے کے باوجود وہ روشن خیال نظریات اور انسانی حقوق کے علمبردار تھے' جب 1975ء میں وزیراعظم اندرا گاندھی نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کی اور پریس کو سنسر شپ کے انتہائی سخت دور سے گزرنا پڑا تو اس کے خلاف آواز بلند کرنے والوں میں کلدیپ نیئر بھی صف اول میں شامل تھے ۔

جس کی وجہ سے انھیں جیل جانا پڑا' انھوں نے اس ایمرجنسی پر اپنے ایک کالم میں احتجاج کرتے ہوئے لکھا کہ ''اندرا گاندھی نے جمہوریت کی شمع بجھا کر ہمیں پولیس راج کے اندھیرے میں دھکیل دیا تھا'' انھوں نے اپنا لمبا صحافتی سفر ایک اردو اخبار ''انجام'' سے شروع کیا اور اس کے بعد ملک کے کئی سرکردہ اخباروں اور خبررساں ایجنسی یو این آئی سے وابستہ رہے۔ ان کا کالم ''Between the lines'' بہت مقبول رہا' وہ روزنامہ ایکسپریس کے لیے کالم لکھتے رہے جسے صحافتی اور عوامی حلقوں میں بہت سراہا گیا۔ وہ اعلیٰ عہدوں پر بھی فائز رہے، 1990ء میں جب وی پی سنگھ ملک کے وزیراعظم تھے' انھیں برطانیہ میں انڈیا کا ہائی کمشنر مقرر کیا گیا،1997ء میں بھارتی ایوان بالا کے رکن کے طور پر انھیں نامزد کیا گیا۔

کلدیپ نیئر ایک بلند پایہ صحافی تو تھے ہی لیکن انھیں پریس کی آزادی' انسانی حقوق کے تحفظ اور پاک و ہند دوستی کے لیے انتھک جدوجہد کرنے والی شخصیت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
Load Next Story