مسجداقصیٰ کے نیچے سرنگ بنانے پرپاکستان کی شدید تنقید

اقوام متحدہ: پاکستان نے مسجداقصیٰ کے نیچے کھدائی اور سرنگ بنانے پر شدیدتنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ اسرائیلی حکومت کے اس عمل سے مسجد کے اسٹرکچرکو نقصان پہنچ سکتاہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مندوب مسعود خان نے سیکیورٹی کونسل کو آگاہ کیاکہ زیرزمین 3ہزار میٹر لمبے گرڈ کی تعمیرسے اسلامی یادگاروں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے اس لیے اس معاملے پر فوری طورپر اسرائیل فلسطین مذاکرات شروع کیے جائیں۔

علاقائی صورتحال پر اقوام متحدہ کے اسپیشل کوآرڈینیٹر رابرٹ سیری کی بریفنگ کے بعد مسعودخان نے سیکیورٹی کونسل کے ارکان کو بتایاکہ اسرائیلی حکومت کی طرف سے شروع کی گئی کھدائی سے مسجد کے اسٹرکچر کونقصان پہنچ سکتاہے۔ اس عمل کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ انھوں نے کہاکہ عرب علاقوں میں یہودیوں کی نئی آبادیاں بھی روکی جائیں۔