ریلوے کو بہتر بنانے کی ضرورت

اگر محنت کی جائے تو ریلوے کو بہتر بنانا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔

اگر محنت کی جائے تو ریلوے کو بہتر بنانا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔ فوٹو: فائل

میڈیا کی اطلاع کے مطابق بھارتی ریلوے اپنی ٹرینو ں میں مسافروں کوملک کے نامور ہوٹلوں اور طیاروں میں فراہم کیے جانے والے معیاری کھانے پیش کرنے کے لیے ایک اسکیم کا اجراء کرنے جا رہی ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق اس اسکیم کے تحت انڈین ریلوے اینڈ ٹور ازم کارپوریشن (آئی آر سی ٹی سی) کے ملازمین کو ریلوے مسافروں کو کھانے پیش کرنے کی مزید تربیت دی جائے گی تاکہ عالمی اسٹینڈرڈ تک پہنچا جا سکے، اس طریقے سے ریلوے مسافروں کا سفر زیادہ خوشگوار بنایا جاسکے گا جس سے انڈین ریلوے کی ساکھ اور شہرت میں اضافہ ہوگا۔ اطلاعات کے مطابق فی الحال1500افراد کو تربیت میں شریک کیا گیا ہے۔دوسرے مرحلے میں 30 ہزار ملازمین کو تربیت دینے کا پروگرام ہے۔ تربیت حاصل کرنے والے پہلے مرحلے کے 1500ملازمین کو اکتوبر تک ٹرینوں میں تعینات کردیا جائے گا۔


کبھی انڈین ریلوے بھی پاکستانی ریلوے کی طرح بدحال اور خسارے کا شکار تھی لیکن یہ بتدریج بدحالی اور خسارے سے نکل کر منافع بخش ادارہ بن گیا ہے اور ریلوے سفر کا معیار بھی بہت بہتر ہو گیا ہے' اس وقت انڈین ریلوے اپنے آپریشنز اور انفرااسٹرکچر کے اعتبار سے دنیا کی چوتھی بڑی ریلوے ہے اور اس کا معیاراور کارکردگی میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔اس کے برعکس پاکستان ریلوے تاحال خسارے کا شکار ہے اور اس کا معیار بھی اچھا نہیں ہے۔

پاکستان کو ریلوے نظام کو بہتر کرنے پر بھرپور توجہ دینی چاہیے کیونکہ یہ آج بھی سستا ترین اور محفوظ ترین ذریعہ سفر سمجھا جاتا ہے۔اگر محنت کی جائے تو ریلوے کو بہتر بنانا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔پاکستان ریلوے کے پاس پوٹینشل موجود ہے ، ضرورت اس کو درست طریقے سے استعمال کرنے کی ہے ، اگر ہم اپنا ٹیلنٹ اور وسائل کو درست طریقے سے استعمال کریں تو ریلوے کو بہتر اور منا فع بخش بنایا جاسکتا ہے۔
Load Next Story