ایشین گیمز میں ارشد ندیم نے برانز میڈل گلے کی زینت بنا لیا

جیولین تھرو میں عمدہ کھیل، کراٹے میں ججزکی ہٹ دھرمی کے باعث پاکستان کانسی کے تمغے سے محروم رہ گیا

ایشین گیمز: پاکستان کے ارشد ندیم جیولین تھرو کا برانز میڈل پہنے ہوئے خوشیاں منارہے ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا

KARACHI:
ایشین گیمز میں پاکستان کے ارشد ندیم نے برانز میڈل گلے کی زینت بنا لیا۔

ایشیائی ایونٹ میں پاکستان نے تیسرا کانسی کا تمغہ جیت لیا، جیولین تھرو میں ارشد ندیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے تیسری پوزیشن پائی،کراٹے ایونٹ میں ججزکی ہٹ دھرمی نے پاکستان کو کانسی کے تمغے سے محروم کر دیا، مینز75 کے جی ویٹ کیٹیگری کی برانزمیڈل فائٹ میں ججزنے5-2 سے برتری رکھنے والے سعدی عباس کوفائٹ کے آخری سیکنڈ میں فاؤل کرنے پر اردنی حریف النجارشبیر کو 8-0 سے فاتح قرار دیدیا۔


سعدی عباس اس فائٹ سے قبل ہونے والی سیمی فائنل فائٹ میں شدید زخمی ہو گئے تھے ، انھوں نے مقابلے کے دوران حریف پلیئرکو بے بس کیے رکھا،اختتام سے2سیکنڈ قبل سعدی نے حریف پلیئرکوکک ماری جس دوران ان کا پاؤں اس کے کندھے پرٹک گیا جسے ججز نے فاؤل قراردے کران کے حریف کو 6 مزید پوائنٹس دے کر8-0سے فتح دے دے دی، اس موقع پرنہ صرف پاکستانی تماشائیوں بلکہ دیگرممالک کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے بھی فیصلے پرحیرت اورافسوس کا اظہارکیا۔

پاکستانی باکسرنقیب اللہ نے کوارٹرفائنل میں رسائی حاصل کر لی، مینز بینٹم ویٹ 56 کلوگرام کیٹیگری کے راؤنڈ 16 میں نقیب اللہ نے بھوٹان کے نیما دورجی کو 3-2 سے مات دی،29 اگست کو ان کا مقابلہ چینی حریف شوبوشیانگ سے ہو گا، مینز لائٹ ویلٹر 64 کلوگرام کیٹیگری میں پاکستان کے سلمان بلوچ کو کوریا کے لیم ہونسو نے5-0 سے ہرا دیا، مینز مڈل ویٹ 75 کلوگرام کے راؤنڈ 16 میں پاکستانی تنویراحمدکوبھارتی باکسروکاس کرشن نے5-0 سے زیرکیا۔

بیس بال میں پاکستان نے تھائی لینڈ کی ٹیم کو8-1 سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی اپنے نام کی، سیپاک ٹاکراگروپ اے میچ میں فلپائن نے پاکستان کو2-0سے شکست دیدی۔
Load Next Story