فتح کے قریب پہنچ کر محرومی نے آئرلینڈ کا دل توڑ دیا

میچ ٹائی ہونے پر شکست جیسی مایوسی ہوئی، صدمہ بھلانے میں وقت لگے گا، اوبرائن

میچ ٹائی ہونے پر شکست جیسی مایوسی ہوئی، صدمہ بھلانے میں وقت لگے گا، اوبرائن فوٹو: اے ایف پی/فائل

فتح کے قریب پہنچ کر محرومی نے آئرلینڈ کا دل توڑ دیا، بیٹسمین کیون اوبرائن نے کہاکہ پاکستان سے میچ ٹائی ہونے پر شکست جیسی مایوسی ہوئی، یہ صدمہ بھلانے کیلیے وقت درکار ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق آئرش ٹیم کی انگلینڈ کے خلاف ورلڈ کپ 2011 کی فتح کے ہیرو سنچری میکر کیون اوبرائن نے جمعرات کو پاکستان کے مقابل84 رنز کی اننگز کھیلی،آخری اوور میں سعید اجمل کا سامنا کرتے ہوئے وہ اپنی ٹیم کو درکار 15 رنز بناتے ہوئے ایک رن کے فاصلے پر رہے اور میچ ٹائی ہوگیا، سخت مقابلے کے بعد ایک طرف پاکستان کو اپنی حکمت عملی پر از سر نو غور کرنا پڑ گیا تو دوسری طرف آئرش ٹیم بھی ایک بڑی ٹیم کیخلاف فتح کا سنہری موقع ہاتھ سے نکل جانے پر رنجیدہ نظر آتی ہے۔




کیون اوبرائن کا کہنا ہے کہ بھرپور کوشش کے باوجود ہدف عبور نہ کرنے پر شکست جیسا احساس ہوا، میں نے سعید اجمل کی گیند چھوڑ دی جو وائیڈ ہوسکتی تھی تاہم اب پچھتاوا ہی باقی رہ گیا،ایک بار مزید بیٹ صحیح گھوم جاتا تو فتح ہماری ہوتی، انھوں نے کہا کہ ٹائی میچ کھیلنے کیلیے میدان میں نہیں اترتے، اتنا قریب آکر کامیاب نہ ہونے پر شکست جیسا صدمہ محسوس کرہے ہیں جس کو بھلانے کیلیے وقت درکار ہوگا۔

یاد رہے کہ ورلڈکپ 2007 میں کیون اوبرائن کے ساتھ ٹرینٹ جانسٹن نے پاکستان کا دیا گیا ہدف عبور کیا تھا،اس بار بھی یہی جوڑی دوسری فتح کی تاریخ رقم کرنے کیلیے کریز پر موجود تھی۔ کیون برائن کے مطابق جانسٹن نے مجھ سے کہا کہ اس بار وننگ شاٹ تم کھیلو گے مگر افسوس کہ میں ایسا نہ کرسکا۔ انھوں نے کہا کہ آئرش کرکٹ تیزی سے بہتری کی طرف گامزن ہے، ہمیں اپنا وجود ثابت کرنے کیلیے تسلسل کے ساتھ اسی انداز میں چند مزید میچز میں پرفارم کرنا ہوگا۔
Load Next Story