مدرسہ لیگ آج سیمی فائنلز اور فائنل کا انعقاد ہوگا

ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور پر اختتامی تقریب میں یونس خان بھی شریک ہوںگے

ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور پر اختتامی تقریب میں یونس خان بھی شریک ہوںگے۔ فوٹو: فائل

پاکستانی تاریخ کی پہلی زلمی مدرسہ لیگ کے سیمی فائنلز اور فائنل میچ جمعے کو ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور میں کھیلے جائیں گے۔

پہلے سیمی فائنل میں الحق اسمیشرز کا مقابلہ الواحدہ ہٹرز سے ہوگا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں النجوم رائزرز اور الفتح ریکارڈ سیٹرز مدمقابل ہوں گے، فائنل کے موقع پر کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کے لیے پاکستان کی تاریخ کے کامیاب ترین ٹیسٹ بیٹسمین اور پشاور زلمی کے مینٹور یونس خان، چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی اور ہیڈکوچ محمد اکرم بھی موجود ہوں گے۔


لیگ کے تیسرے دن کھیلے گئے پہلے میچ میں المقاصد نے الہلال کو 21 رنز سے ہرادیا، المقاصد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 85 رنز بنائے، محمود 33 رنز بناکر نمایاں رہے، جواب میں الہلال 6 وکٹوں پر 64 رنز بناسکی، عباد 22 رنز بناکر نمایاں رہے۔

دوسرے میچ میں الخیر نے النور کو 4 وکٹوں سے ہرادیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے النور نے 6 وکٹوں پر 74 رنز بنائے۔ وقاص 17 رنز بناکر نمایاں رہے، جواب میں الخیر نے ہدف 6 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ سعید 42 رنز بناکرنمایاں رہے۔ تیسرے میچ میں جماعت اسلام الیون نے القرہ کو 60 رنز سے ہرادیا۔

جماعت اسلام الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 2 وکٹوں پر 148رنز بنائے ، روح اللہ 77 رنز بناکر نمایاں رہے۔ جواب میں القرہ 6 وکٹوں پر 88 رنز بناسکی۔ چوتھے میچ میں الفتح نے الاتحاد کو 82 رنز سے شکست دی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے الفتح نے 5 وکٹوں پر 149 رنز بنائے۔ آصف 76 رنز بناکر نمایاں رہے، جواب میں الاتحاد 7 وکٹوں پر 67 رنز بناسکی۔
Load Next Story