ہیڈنگلے ٹیسٹ سوان نے انگلینڈ کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا

468 کے تعاقب میں کیویز نے158 پر 6 وکٹیں گنوا دیں، میزبان قائد کک کی سنچری

لیڈز : 76 رنز بنانے والے انگلش بیٹسمین جوناتھن ٹروٹ کا ریورس سوئپ، عقب میں کیوی وکٹ کیپر برینڈن میک کولم موجود۔ فوٹو : اے ایف پی

گریم سوان کی جادوگری نے ہیڈنگلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا۔

جیت کیلیے 468 کا مشکل ترین ہدف پانے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم نے چوتھے دن کے اختتام تک158 پر 6 وکٹیں گنوا دیں، اسے ابھی مزید310 رنز درکار ہیں،اسپنر نے 57 رنز دیکر4 وکٹیں لیں، اس سے قبل میزبان نے دوسری اننگز287 رنز5 وکٹ پر ڈیکلیئرڈ کردی، الیسٹر کک نے کیریئر کی 25ویں سنچری بنائی۔




تفصیلات کے مطابق اسٹورٹ براڈ نے کیوی اوپنر پیٹر فلٹن (5) کو ٹھکانے لگایا، آف اسپنر سوان نے کین ولیمسن (3) کو ایل بی ڈبلیو کیا، کیوی ٹیم کے ریفرل پر نتیجہ تبدیل نہیں ہوپایا، سوان نے ہمیش ردرفورڈ(42) کو اپنا دوسرا شکار بنایا،شارٹ لیگ پر جوئے روٹ نے کیچ تھاما، ڈین براؤنلی(25) فن کی گیند پر بیل کا کیچ بنے۔

روز ٹیلر نے 70رنز بناکر کچھ مزاحمت کی لیکن انھیں سوان نے بولڈ کردیا، مارٹن گپٹل(3) اسپنرکا چوتھا شکار بن گئے، اس سے قبل انگلینڈ نے کپتان الیسٹر کک کے 130 رنز کی بدولت لنچ کے فوری بعد 5 وکٹ پر287 پر اننگز ختم کرنے کا اعلان کیا،40رنز پر چانس پانے والے ٹروٹ 76 رنز بناکر میدان بدر ہوئے، جوئے روٹ (28) کو ویگنر نے قابو کیا، جونی بیئراسٹو26 اور میٹ پرائر4 پر ناٹ آؤٹ رہے۔
Load Next Story