بدترین لوڈشیڈنگ جاری شدید گرمی سے مزید 2افراد جاں بحق

بلوچستان میں زمیندارسڑکوں پرنکل آئے،لانگ مارچ کرینگے،مقررین،قلات میں ہڑتال.

لاہور12، دیگر شہروں میں 15گھنٹے بجلی بند، ینگ ڈاکٹرزبہاولپور کا 72گھنٹے کا الٹی میٹم۔ فوٹو: فائل

ملک بھر میں طویل لوڈشیڈنگ اور اس کے خلاف احتجاج کا سلسلہ منگل کو بھی جاری رہا۔

لاہور میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12گھنٹے پر آ گیا البتہ پنجاب کے دوسرے شہروں فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، گوجرانوالا، گجرات، جہلم، ڈیرہ غازیخان، رحیم یار خان اور قصبات میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 15گھنٹے سے زائد ریکارڈ کیا گیا جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور کئی علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت پیدا ہو گئی۔ دوسری جانب گرمی سے مزید 2افراد جاں بحق اور متعدد بیہوش ہو گئے۔ بلوچستان میں 24 گھنٹوں میں صرف 2 گھنٹے بجلی کی فراہمی سے لوگوں کا جینا محال ہو گیا، اس صورتحال کیخلاف زمیندار ایکشن کمیٹی کی اپیل پر لوگ سڑکوں پر نکل آئے جبکہ قلات میں مکمل ہڑتال کی گئی۔




نومنتخب ایم پی اے مصطفیٰ خان ترین ودیگر نے کہا کہ اگر ایک ہفتے میں صورتحال بہتر نہ کی گئی تو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کرینگے۔ادھر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بہاولپور کے رہنمائوں ڈاکٹر ذوالقرنین، ڈاکٹر عامر مجید ودیگر نے حکومت کو لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی لیے 72گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا۔ رحیم یار خان سمیت جنوبی پنجاب میں گرمی کی شدت برقرار ہے جس کی وجہ سے 2افراد جاں بحق اور متعدد بیہوش ہو گئے۔
Load Next Story