16 رکنی ٹیم کو 12 آفیشلز کی ’’فوج‘‘ کا ساتھ حاصل

سابق چیئرمین سے قربت پرعون زیدی فارغ مگر سیکریٹری کو میڈیا منیجر بنا دیا گیا

سابق چیئرمین سے قربت پرعون زیدی فارغ مگر سیکریٹری کو میڈیا منیجر بنا دیا گیا۔ فوٹو:فائل

ایشیا کپ میں 16 رکنی پاکستانی ٹیم کو 12 آفیشلز کی ''فوج'' کا ساتھ حاصل ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورئہ یو اے ای کیلیے آفیشلز کا ڈھیر لگا دیا، سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے دور میں تعینات بیشتر آفیشلز کو برقرار رکھا گیا ہے، البتہ غیرملکی دوروں میں بہتر انداز سے فرائض انجام دینے والے عون زیدی کو بغیر کوئی وجہ بتائے فارغ کر دیا گیا۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ نجم سیٹھی کے خاصے قریب تھے یہی ان کی اسکواڈ سے علیحدگی کا سبب بنا، دوسری جانب حیران کن طور پر نجم سیٹھی کے ہی ایک اور قریبی عماد حمید کو میڈیا منیجر مقرر کر دیا گیا، وہ بطور سابقہ چیئرمین پرسنل سیکریٹری فرائض نبھا رہے تھے،ذرائع کا کہنا ہے کہ اب وہ پی سی بی کے ایک اور آفیشل کے خاصے قریب آ چکے ہیں۔

ایشیا کپ کیلیے منصور رانا کو اسسٹنٹ منیجر تعینات کردیا گیا، مکی آرتھر ہیڈ کوچ، اظہر محمود بولنگ کوچ، گرانٹ فلاور بیٹنگ کوچ، گرانٹ بریڈ برن فیلڈنگ کوچ، گرانٹ لوڈن ٹرینر، کلف ڈیکن فزیو تھراپسٹ، طلحہ بٹ اینالسٹ، کرنل (ر) محمد اعظم خان سیکیورٹی منیجر اور عماد حمید میڈیا منیجر ہیں، بورڈ کی طرف سے گزشتہ روز جاری کی جانے والی پریس ریلیز میں 12ویں رکن کے طور پر مساجر کو شامل کیا گیا تاہم تاحال کسی کا نام فائنل نہیں ہوا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان ٹیم کے فیلڈنگ کوچ اسٹیورکسن نے رواں سال جولائی میں پی سی بی سے معاہدے میں توسیع سے گریز کیا تھا،ان کا خلا پُرکرنے کیلیے گرانٹ بریڈبرن کا انتخاب کیا گیا ہے،سابق کیوی کرکٹر یواے ای میں ہی قومی اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔
Load Next Story