ڈیجیٹل میٹرز کیخلاف درخواست پر کے الیکٹرک سے جواب طلب
نیپرا کا جواب گمراہ کن ہے،ڈیجیٹل میٹرز سم کے ذریعے ہیڈکوارٹر سے کنٹرول کیے جارہے ہیں، درخواست گزار
کے الیکٹرک نے چند ماہ قبل77ارب روپے کی اوور بلنگ کی،میگا کرپشن کی تحقیقات نیب کے سپرد کی جائے، وکیل۔ فوٹو: فائل
سندھ ہائی کورٹ نے ڈیجیٹل اسمارٹ میٹرز کے ذریعے اضافی بل وصول کرنے سے متعلق درخواست پر کے الیکٹرک حکام کو جواب کے لیے 4 ہفتوں کی مہلت دیدی۔
سندھ ہائی کورٹ میں دو رکنی بینچ کے روبرو ڈیجیٹل اسمارٹ میٹرز کے ذریعے اضافی بل وصول کرنے پر کے الیکٹرک کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، نیپرا کی جانب سے جمع جواب میں کہا گیا کہ بجلی کے اضافی یونٹ کے خلاف درخواست گزار کی شکایت موصول ہوئی تھی، درخواست گزار کی شکایت پر کے الیکٹرک سے وضاحت مانگی گئی تھی، کے الیکٹرک نے کہا کہ درخواست گزار کی شکایت کا ازالہ کردیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے در محمد شاہ نے موقف اختیار کیاکہ نیپرا کا جواب گمراہ کن ہے کے الیکٹرک کے ڈیجیٹل میٹرز سم کے ذریعے ہیڈ کوارٹر سے کنٹرول ہوتے ہیں، موبائل فون اور ریموٹ کنٹرول کے ذریعے یونٹس کو بڑھا دیا جاتا ہے، چینی کمپنی سے درآمد شدہ میٹرز سافٹ ویئر کے ذریعے کنٹرول کیے جاتے ہیں، کے الیکٹرک نے چند ماہ قبل 77 ارب روپے کی اوور بلنگ کی ہے، میگا کرپشن کی تحقیقات نیب کے سپرد کی جائے،کراچی سے ڈیجیٹل میٹرز فوری نکالنے کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے کے الیکٹرک کو جواب کیلیے 4 ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔