واٹربورڈ نے نادہندگان بلڈرز کیخلاف آپریشن شروع کردیا

دوران آپریشن7 پلازوں کے کنکشنز منقطع کرکے موٹریں ضبط کرلیں.

200 منصوبوں کی فہرست طلب، مانیٹرنگ ایم ڈی واٹر بورڈ خود کر رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے نادہند گان بلڈرز کے خلاف ہنگامی آپریشن شروع کردیا.

خاص طور پر زیر تعمیر کثیر المنزلہ عمارات تعمیر کرنے والے بلڈرز کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے جس کی مانیٹرنگ ایم ڈی واٹر بورڈ مصباح الدین فرید خود کر رہے ہیں، آپریشن کے دوران 7پلازوں کے پانی وسیوریج کنکشنز منقطع کرکے موٹریں ضبط کرلی گئیں، تفصیلات کے مطابق طویل عرصے سے بڑے بڑے تعمیراتی پروجیکٹس کے بلڈرز اپنے منصوبوں کے لیے واٹر بورڈ سے پانی وسیوریج کے کنکشن کی منظوری نہیں لے رہے اور نہ ہی واٹر بورڈ کو پانی وسیوریج کی مد میں کسی بھی قسم کی ادائیگی کی جارہی ہے جس کی وجہ سے واٹر بورڈ کو اربوںروپے ریونیو کا نقصان ہورہاہےَ




اس صورتحال کے پیش نظر ایم ڈی واٹر بورڈ نے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ریونیو سے200 سے زائد زیر تعمیر منصوبوں کی فہرستیں طلب کرلیں جو نادہندگان ہیں اور جنھوں نے پروجیکٹس کیلیے واٹر بورڈ سے پانی وسیوریج کنکشنز کی منظوری حاصل نہیں کی اور ادائیگی بھی نہیں کی، ایم ڈی واٹر بورڈ نے متعلقہ افسران کے ہمراہ ان کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے، نادہندگان کے پانی وسیوریج کے کنکشن منقطع کر کے ان کی موٹریں اور سامان ضبط کیا جارہا ہے، دوران آپریشن 7سے زائد نادہندگان جن میں سٹی سینٹر، بسم اللہ بلیسنگ، عائشہ اپارٹمنٹس، اے ٹی ٹاور، بابرہ ٹاور، مریم ہائیٹس، بسم اللہ کیسل اور دوسرے اپارٹمنٹس شامل ہیں ان کے خلاف کارروائی کی گئی، ان پلازوں کے بلڈرز کو یہ موقع دیا گیا ہے کہ وہ اپنے کنکشنز ریگولر کرالیں اور واٹر بورڈ کے واجبات ادا کردیں تاکہ ان کے پانی وسیوریج کے کنکشنز بحال کیے جاسکیں۔
Load Next Story