افغان لیگ ریٹائرڈ پلیئرزہی حصہ لے پائیں گے

پی سی بی کی واضح پالیسی، 5 اکتوبر سے شیڈول ایونٹ میں شاہد آفریدی کی شمولیت

پی سی بی کی واضح پالیسی، 5 اکتوبر سے شیڈول ایونٹ میں شاہد آفریدی کی شمولیت فوٹو:فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کردیا کہ صرف ریٹائرڈ کرکٹرز ہی افغان کرکٹ لیگ میں حصہ لے پائیں گے۔

موجودہ ٹیم میں شامل یا مستقبل میں ملک کی نمائندگی کے اہل پلیئرز شارجہ میں 5 اکتوبر سے شروع ہونے والی افغانستان پریمیئر لیگ ( ے پی ایل ) میں شرکت نہیں کرپائیں گے، بورڈ نے یہ واضح اعلان کامران اکمل کو بھیجی گئی ای میل میں کیا، پی سی بی نے تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹسمین کو این اوسی طلب کیے جانے پر جواب دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے قومی کرکٹرز ہی افغان لیگ میں شرکت کرسکتے ہیں، ڈومیسٹک یا انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے والے پلیئرز کو افغان لیگ کیلیے این او سی جاری نہیں کیے جائیں گے۔


واضح رہے کہ آل راؤنڈر شاہد آفریدی، وہاب ریاض، محمد عرفان ، فہیم اشرف، افتخار احمد، سہیل تنویر، کامران اکمل اور محمد حفیظ کی خدمات رواں ماہ افغان لیگ کے ڈرافٹ میں مختلف فرنچائزز نے حاصل کی ہیں، تاہم ذرائع کے مطابق ان میں سے شاہد آفریدی ہی افغان لیگ میں شرکت کرپائیں گے کیونکہ انھوں نے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ لے رکھی ہے۔

اس فیصلے کی رو سے وہاب ریاض، سہیل تنویر، محمد عرفان، فہیم اشرف، محمد حفیظ ، کامران اکمل اور افتخار احمد کو شرکت کی اجازت نہیں مل پائے گی، لیگ 21 اکتوبر کو مکمل ہوگی، ایونٹ میں پانچ ٹیمیں کابل، قندھار، ننگرہار، پکتیا اور بلخ کے نام سے شریک ہوں گی، لیگ کے ابتدائی سیزن میں 23 میچز کھیلے گئے تھے جبکہ منتظمین کو اس بار شارجہ میں شائقین کی بڑی تعداد کے آنے کی توقع بھی ہوگی،ویسٹ انڈین اسٹار کرس گیل بھی لیگ میں اپنے صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔
Load Next Story