اسٹریٹ کرائمز سیکڑوں وارداتوں میں ملوث 3 سگے بھائی اور ساتھی گرفتار

قبضے سے ایس ایم جی ،2 ایم پی فائیو مشین گن ، 2 پستول،موبائل فون ، نقدی اور2 موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں، امین یوسف

ملزمان ڈکیتی کے دوران مزاحمت پرکئی افرادکوقتل اورزخمی کرچکے ہیں،ڈی آئی جی سی آئی اے کی پریس کانفرنس فوٹو:فائل

پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی سیکڑوں وارداتوں میں ملوث 3سگے بھائیوں سمیت 4لٹیروں کو گرفتارکرلیا ، ملزمان نے چند روز قبل آٹومیٹک رائفل کی مدد سے کئی دکانیں لوٹی تھیں جن کی سی سی ٹی وی فوٹیج مختلف ٹی وی چینلز پرنشر کی گئی تھیں ۔

ڈی آئی جی سی آئی اے ڈاکٹر امین یوسف زئی نے پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ 4ملزمان نے 11 ستمبر کو پاک کالونی میں آٹو میٹک رائفل اور ہتھیاروں کی مدد سے کئی دکانوں کو لوٹا اور فرار ہوگئے تھے جس کے بعد ملزمان نے اسی قسم کی کئی اور وارداتیں کیں جن کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان آٹو میٹک ہتھیار لیے نظرآرہے ہیں ، ملزمان کو اے سی ایل سی نے نارتھ کراچی سے گرفتار کیا ۔


ملزمان میں سے آصف ، توصیف اور راقب سگے بھائی ہیں جبکہ چوتھا اسٹریٹ کرمنل ذیشان ان کا دوست ہے ،آصف گینگ کا لیڈر ہے ،ملزمان کئی بار گرفتار ہوکر جیل جاچکے ہیں ، ملزمان سال 2012 سے وارداتوں میں ملوث ہیں اور اب تک سیکڑوں وارداتیں کرچکے ہیں جبکہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پرکئی افراد کو قتل اور کئی کو زخمی کرچکے ہیں ، ملزم راقب ایک بار پولیس مقابلے کے دوران زخمی بھی ہواتھا ۔

ڈی آئی جی سی آئی اے نے مزید بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے ایک ایس ایم جی 17گولیاں ، 2ایم پی فائیو مشین گن 12گولیاں ، 2پستول ، 9 چھینے گئے موبائل فون ، 2 مسروقہ موٹر سائیکلیں ، نقدی اور وارداتوں کے دوران پہنے گئے کپڑے ، ہیلمٹ اور سامان برآمد کیاگیا ہے ۔

ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے کئی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جبکہ ان سے مزید تفتیش جاری ہے ، ڈی آئی جی امین یوسف زئی نے مزید بتایا کہ ایک اور کارروائی میں سرکاری گاڑیاں چھیننے والا ملزم عطا اللہ بھی پکڑا گیا جس نے ابتدائی تفتیش میں 7سرکاری گاڑیوں سمیت 10گاڑیاں چوری اور چھیننے کا اعتراف کیا ہے ، ملزم نے مزید بتایا کہ ماہ اپریل میں سچل کے علاقے سے سرکاری گاڑی چھینی تھی جس میں اس کے ساتھ سرکاری گاڑی کا ڈرائیور بھی ملوث تھا۔
Load Next Story