افغانیوں اور بنگالیوں کی ریلی وزیراعظم سے اظہار تشکر

افغان جنگ میں مجاہدین کو استعمال، پاکستان نے خود مہاجرین کو آباد کیا، اے این پی

شہر کے مختلف علاقوں سے نکالی گئی ریلی کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کراچی میں طویل عرصے سے مقیم افغانیوں اور بنگالیوں کو شہریت دینے کے اعلان کی خوشی میں افغانیوں اور بنگالیوں نے اتوار کو ریلی کا انعقاد کیا۔


یہ ریلی شہر کے مختلف علاقوں سے نکالی گئی جو کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔ پاک مسلم الائنس (دیوان) نے بھی کراچی میں مقیم بنگالیوں کو شہریت دینے کے اعلان کی خوشی میں ریلی کاانعقاد کیا۔ ریلی میں بنگالیوں اور افغانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلیوں کے شرکا نے وزیر اعظم عمران خان اور پاک فوج کی حمایت میں نعرے بھی لگائے۔ ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی سندھ کے جنرل سیکریٹری یونس بونیری اور دیگر نے کہا کہ افغانیوں اور بنگالیوں کی تیسری نسل ہے ان کو پاکستانی شہریت دی جانی چاہیے۔

عمران خان سے لاکھ سیاسی اختلافات کے باوجود اس کے اعلان کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ پریس کلب پر ہزاروں افغانی اور بنگالی خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ افغان جنگ میں مجاہدین کو استعمال کیا گیا پاکستان نے خود مہاجرین کو آباد کیا۔ تمام افغانیوں اور بنگالیوں کو شہریت دی جائے اور ان کے شناختی کارڈ بنائے جائیں۔ پاک مسلم الائنس(دیوان) کے رہنماؤں نے بنگالیوں کو شہریت دینے کے اعلان پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کراچی میں بنگالیوں کے مسائل حل کیے جائیں۔
Load Next Story