آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ میچوں پر جوا کھیلنے کیلیے مافیا سرگرم

جوا کھیلنے کے حوالے سے اہم رپورٹ کراچی پولیس کے سربراہ کو پیش کی گئی تاہم کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی

چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیموں کے کپ کا بھاؤ جاری ، بکیز کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے پولیس بھی الرٹ ہوگئی فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے شروع ہوتے ہی شہر بھر میں کرکٹ میچوں پر جوا کھیلنے کا سلسہ عروج پر پہنچ گیا ۔

شہر میں کرکٹ میچوں پر جوا کھیلنے کے حوالے سے مرتب کی جانے والی اہم رپورٹ کراچی پولیس کے سربراہ اقبال محمودکو پیش کی گئی تھی تاہم انھوں نے پراسرار خاموشی اختیار کرتے ہوئے بکیز کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے گریز کیا جس کے باعث ماتحت افسران حیرت زدہ ہیں کہ اتنی اہم رپورٹ پر آخر کارروائی نہ کرنے کی وجہ سمجھ سے بالاہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ رپورٹ کو آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ سے چھپایا جا رہا ہے، ذؔرائع کا کہنا ہے کہ بکیز کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیموں کے کپ کا بھاؤ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق انگلینڈ 5 روپے 30 پیسے ، ساؤتھ افریقہ کے 4 روپے 50 پیسے ، آسٹریلیا 5 روپے 50 پیسے ،پاکستان 7 روپے 20 پیسے ، انڈیا 5 روپے 50 پیسے ، ویسٹ انڈیز 8 روپے ، سری لنکا 9 روپے جبکہ نیوزی لینڈ کے کپ جیتنے کا بھاؤ 10 روپے مقرر کیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے آئی سی سی کرکٹ چیمپئنز ٹرافی میں انگلینڈ کی ٹیم کو ہوم گراؤنڈ اور ہوم کراؤڈ کی وجہ سے ہارٹ فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے چیمپئنز ٹرافی شروع ہوتے ہی شہر بھر میں بکیز سرگرم ہوگئے ہیں،انھوں نے اپنے کارندے بھی شہر میں چھوڑ دیے ہیں جو کرکٹ میچوں پر جوئے کھیلنے والوں سے رابطے کررہے ہیں جبکہ بکیز کو تحفظ فراہم کرنے کیلیے پولیس بھی الرٹ ہوگئی ، شہر میں قتل و غارت گری کی وارداتوں پر قابو پانے میں پولیس اس طرح الرٹ ہو جائے تو انسانوں کو بے موت مرنے سے بچایا جاسکتا ہے تاہم پولیس کو جہاں سے بھی آمدنی کی امید ہو پولیس کی تمام تر توجہ اسی جانب ہو جاتی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ میچوں پر کھیلے جانے والے جوئے سے بھتے کی مد میں ملنے والی رقم پولیس کیلیے ''ایزی منی'' ثابت ہوتی ہے جس میں پولیس بکیز کو اجازت اور تحفظ فراہم کر کے اپنا حصہ وصول کرتی ہے۔




پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں چلنے والی کرکٹ اور گھوڑوں کی ریس کی بکوں کے حوالے سے کراچی پولیس کے سربراہ اقبال محمود کو ایک رپورٹ بھی پیش کی گئی تاہم انھوں نے حسب روایت عدم دلچسپی اور پراسرار خاموشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بکیز کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے گریز کیا ،ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعرات سے شروع انگلینڈ میں شروع ہونے والی آئی سی سی چمپیئز ٹرافی کے بعد شہر کے مختلف علاقوں ڈیفنس ، کلفٹن ، بہادر آباد ، طارق روڈ ، سولجر بازار،گلشن اقبال ،حسین آباد ، صدیق آباد اورکریم آباد ، رضویہ ناظم آباد ، کھارادر ، کیماڑی ، بلدیہ ٹاؤن ، فریئر ، کلفٹن ، لیاقت آباد اور پاپوش سمیت دیگر علاقوں میں پولیس کی مبینہ سرپرستی میں بکیز سرگرم ہوگئے ہیں۔

انگلینڈ کی ٹیم کے کپ جیتنے پر سو روپے لگانے والے شخص کو ہارنے کی صورت میں 100 روپے جبکہ کپ جیتنے پر 550 روپے ملیں گے اسی طرح تمام ٹیموں کے کپ جیتنے پر ان کے بھاؤ کے حساب سے جوا کھیلنے والوں کو رقم ادا یا فراہم کی جاتی ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ چمیپئنز ٹرافی کے پہلے میچ جو کہ ساؤتھ افریقہ اور انڈیا کے درمیان تھا میچ شروع ہونے سے قبل ساؤتھ افریقہ کو فیورٹ قرار دیا گیا تھا جبکہ ساؤتھ افریقہ کی جیت پر 80/85 پیسے کا بھاؤ کھلا تھا تاہم انڈیا کی جانب سے اچھی بیٹنگ اور 21.2 اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 127 رنز بنانے پر بکیز نے میچ کے دوران ہی انڈیا کو فیورٹ قرار دے دیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ بکیز کی جانب سے میچ میں اپ اینڈ ڈاؤن اور سنسنی خیزی کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ٹیموں کی جیت کے بھاؤ اور انھیں فیورٹ قرار دیے جانے کا سلسلہ میچ کے اختتام تک جاری رہتا ہے اور کرکٹ میچ پر جوا کھیلنے والے جواری ان تمام صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنا پیسہ لگاتے رہتے ہیں۔
Load Next Story