پولیس افسر نے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات خوردبرد کرلی

عدالت کو تھانے میں رکھی پرانی چرس پیش کی،عدم ثبوت پر ملزم رہا

عدالت کو تھانے میں رکھی پرانی چرس پیش کی،عدم ثبوت پر ملزم رہا۔ فوٹو: فائل

سی آئی ڈی سول لائن کے پولیس افسر نے ملزم سے برآمد کی گئی کروڑوں روپے مالیت کی منشیات خردبرد کرلی، عدالت میں ناقص اور تھانے میں رکھی ہوئی پرانی چرس پیش کی جبکہ منشیات اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم عامر کو عدالت نے رہا کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کو انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج ثنا اﷲ خان غوری نے 80 کلو چرس اسمگل کرنے کے الزام میں پابند سلاسل ملزم عامر کو عدم ثبوت پر رہا کردیا، قبل ازیں تفتیشی افسر ظفر عباس نے ملزم سے برآمد شدہ چرس خرد برد کر لی اور تھانے میں رکھی ہوئی پرانی ناقص چرس کیس پراپرٹی کے طور پر پیش کی جس پر وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے چرس برآمد کرنے کا پولیس کا دعویٰ غلط ہے۔




عدالت میں موجود برآمد کردہ چرس وہ چرس نہیں ہے جس پر فاضل عدالت نے کیمکل ایگزامنر کو طلب کیا تھا عدالت کے حکم پر ایگزامنر عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ لیبارٹری ٹسٹ کے مطابق جو چرس چیک کی گئی تھی وہ عدالت میں موجود نہیں ہے، اس پر فاضل عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور ملزم کو بری کرتے ہوئے پولیس افسر کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور کارروائی کا حکم دیا ہے۔
Load Next Story