ملک بھر میں شدید گرمی لوڈشیڈنگ مزید 12جاں بحق کئی شہروں میں مظاہرے

بجلی کا بحران سنگین، ہائیڈل اور تھرمل پیداوار میں کمی، شارٹ فال 5500میگاواٹ ہو گیا.

لاہور میں3افراد نہر میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے، ساہیوال میں4بچوں سمیت7جاں بحق، گرمی چندروز جاری رہے گی،محکمہ موسمیات۔ فوٹو: فائل

ملک میں بجلی کا بحران سنگین ہوگیا، کئی شہروں میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا جبکہ گرمی کے باعث12افراد جاں بحق ہوگئے۔

ملک میںہائیڈل اور تھرمل پاور پلانٹس کی پیداوار میں 4000 میگاواٹ کمی کے باعث شارٹ فال 5500میگاواٹ ہو گیا۔ اتوار کو چھٹی کے باوجود شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10سے 14گھنٹے جبکہ دیہات میں 16سے 18گھنٹے رہا، کوئٹہ میں لوڈشیڈنگ سے تنگ عوام سڑکوں پر نکل آئے اور کراچی شاہراہ بلاک کردی جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ دیگر کئی مقامات پر بھی احتجاج کیا گیا، وزیر بجلی خواجہ آصف کے آبائی ضلع سیالکوٹ میں20 گھنٹے کی غیر علانیہ لوڈشیدنگ سے صنعتی سرگرمیاں ٹھپ ہوکر رہ گئیں۔ گیپکو ریجن کے اضلاع گوجرانوالہ، حافظ آباد، گجرات، منڈی بہائوالدین، نارووال اور سیالکوٹ میں1750 میگاواٹ بجلی کی ضرورت ہے جبکہ سپلائی800 میگا واٹ ہو رہی ہے،متعددعلاقوں میںمسلسل 6 سے 7 گھنٹے بجلی بند رہنے کی شکایات بھی ملی ہیں۔




لاہور میںاتوار کو درجہ حرارت 45.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو گردآلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، این این آئی کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ گرمی کی لہر مزید 3 دن جاری رہ سکتی ہے۔ لاہور میں2 بچوں سمیت3 افراد نہر میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے، 12سالہ عدنان نواب ٹائون، 13سالہ نامعلوم بچہ ہربنس پورہ اور 20 سالہ عثمان کھاریاں پل ریلوے سٹیشن کے قریب ڈوب گئے، امدادی ٹیموں نے لاشیں پولیس کے حوالے کر دیں، آئی این پی کے مطابق ساہیوال میں 4 بچوں سمیت 7 افراد چل بسے، رحیم یار خان میں دو خواتین 60 سالہ جنت اور 75 سالہ ایلس جاں بحق ہوگئیں' دارالامان لاہور میں خواتین اور بچے بیمار پڑ گئے جبکہ ایک خاتون بیہوش ہو گئی جسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، پناہ گزین خواتین نے کہا کہ دارالامان میں ایئرکولر اور واٹر کولر لگائے جائیں۔
Load Next Story